عزیزاللہ خان بی بی سی اردو ڈاٹ کام کوئٹہ |  |
صوبہ بلوچستان کے شہر کوہلو کے قریب نامعلوم افراد نے بجلی کے دو کھمبوں کو اور سوئی میں گیس کے کنویں کے قریب گیس پائپ لائن کو دھماکوں سے اڑا دیاہے۔ اس کے علاوہ ڈیرہ بگٹی اور کوہلو کے سرحدی علاقوں میں جھڑپوں کی اطلاعات ہیں۔ کوہلو کے ضلعی ناظم انجینیئر علی گل مری نے کہا ہے کہ ڈیرہ غازی خان سے بارکھان کے راستہ کوہلو آنے والی بجلی کے دو کھمبوں کو شدید نقصان پہنچا ہے جس کے بعد کوہلو کو بجلی کی ترسیل منقطع ہوگئی ہے۔ انھوں نے کہا کہ چند ماہ پہلے اس طرح کے دھماکے معمول سے ہو رہے تھے جس کے بعد کچھ افراد کو گرفتار کیا گیا تھا۔ اس گرفتاری کی بعد بجلی کے کھمبوں پر حملے رک گئے تھے اب پھر یہ دھماکے ہوئے ہیں جن کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ علی گل نے کہا کہ کوہلو اور قریبی علاقوں کو بجلی کی ترسیل بحال کر دی گئی ہے۔ ادھر ڈیرہ بگٹی کے علاقہ سوئی میں گیس کے کنواں نمبر چھ کے قریب گیس پائپ لائن کو دھماکے سے اڑایا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ڈیرہ بگٹی اور کوہلو کے سرحدی علاقے سے سیکیورٹی فورسز اور مسلح قبائلیوں کے مابین جھڑپوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں لیکن سرکاری سطح پر اس کی تصدیق نہیں کی جا سکی۔ مسلح قبائلیوں کے ترجمان نے ٹییفون پر بتایا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے اپنے حمایتی قبیلے کے کوئی ڈیڑھ سو افراد کے ساتھ ڈیرہ بگٹی اور کوہلو کے سرحدی علاقوں پر حملے کیےہیں۔ انھوں نے کہا کہ بعض مقامات پر جھڑپیں ہوئی ہیں جن میں سیکیورٹی فورسز اور سیکیورٹی فورسز کے ساتھ آنے والے قبائلی زخمی ہوئے ہیں جبکہ دو ہیلی کاپٹروں کو مار گرایا ہے۔ ترجمان نے کہا ہے کہ چوبیس اگست کو جرگہ کے بعد سے حملے شروع کیے گئے ہیں جو آج سنیچر کو بھی جاری رہے۔سرکاری سطح پر ان جھڑپوں کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔ |