عزیزاللہ خان بی بی سی اردو ڈاٹ کام، کوئٹہ |  |
 | | | بلوچستان میں فوج کو مزاحمت کا سامنا ہے |
بلوچستان حکومت کے ترجمان رازق بگٹی نے کہا ہے کہ بدھ کے روز سیکیورٹی فورسز نے ڈیرہ بگٹی کے علاقے سنگسیلہ میں فوجی کارروائی کی ہے جس میں کم سے کم اکتیس بگٹی مسلح قبائلی ہلاک ہوئے ہیں۔ رازق بگٹی نے کہا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے ایک کیمپ پر حملہ کیا ہے جہاں سے بعد میں بھاری مقدار میں اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔ جب ان سے پوچھا کے لاشیں کہاں ہیں تو انھوں نے بتایا کہ کوئی لاش نہیں ملی یہ معلومات سیکیورٹی فورسز کو قبائلیوں کے کمیونیکیشن سسٹم سے ملی ہے۔ انھوں نے کہا کہ فوجی کارروائی بدھ کو صبح دس بجے شروع کی گئی اور یہ کوئی بارہ بجے دوپہر تک جاری رہی۔ابتدا میں پچیس افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاع ملی لیکن بعد میں یہ تعداد اکتیس بتائی گئی ہے۔ اس سے پہلے مسلح بگٹی قبائلیوں نے دعویٰ کیا تھا کہ یہ فوجی کارروائی گزشتہ تین روز سے جاری ہے اور کبھی شدت اختیار کر جاتی ہے تو کبھی اس میں کمی واقع ہوتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس دوران مختلف مقامات پر سیکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپیں ہوئی ہیں جس میں سیکیورٹی فورسز کے لگ بھگ پینتیس اہلکار ہلاک ہوئے ہیں لیکن سرکاری سطح پر اس کی تصدیق نہیں ہو سکی۔ رازق بگٹی نے کہا ہے کہ فوجی کارروائی کو تین چار روز سے جاری نہیں تھی بلکہ صرف بدھ کے روز دو گھنٹے تک جاری رہی ہے۔ |