انتخابات میں یورپی یونین کی دلچسپی | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
چیف الیکشن کمشنر نے جمعرات کو اسلام آباد میں تعینات یورپی یونین کے پندرہ ممالک کے سفیروں کے وفد کو آئندہ برس کے آخر میں پاکستان میں منعقد ہونے والے عام انتخابات کو شفاف بنانے اور انتخابی طریقہ کار کے متعلق بریفننگ دی۔ الیکشن کمیشن کے سیکرٹری کنور دلشاد نے بتایا ہے کہ دفتر خارجہ کی معرفت یورپی اتحاد کے سفیروں کی درخواست پر الیکشن کمیشن سیکریٹریٹ میں سفیروں کے وفد کو چیف الیکشن کمشنر جسٹس ( ر) قاضی محمد فاروق نے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے آئندہ برس مجوزہ عام انتخابات مقررہ وقت پر آزادانہ، غیر جانبدار اور شفاف انداز میں منعقد کیئے جائیں گے اور کسی بھی معیار کے اعتبار سے قابل یقین ہوں گے۔ چیف الیکشن کمشنر نے اس موقع پر کہا کہ انتخابی عمل میں ووٹر فہرستوں کی خاصی اہمیت ہوتی ہے اور یہ ہی وجہ ہے کہ کمیشن نے نئے سرے سے کمپیوٹرائزڈ اور کسی غلطی سے پاک ووٹر فہرستیں مرتب کرنے کا کام شروع کر رہا ہے۔ کنور دلشاد کے مطابق چیف الیکشن کمشنر نے وفد کو بتایا کہ مناسب وقت پر تمام سیاسی جماعتوں سے تعلقات بڑھائے جائیں گے اور آئندہ انتخابات کے لیے ان کی مشاورت سے نیا ضابطۂ اخلاق مرتب کیا جائے گا۔ الیکشن کمیشن سے جاری ہونے والے بیان میں بتایا گیا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر نے سفیروں کے وفد کو کمیشن کے تنظیمی ڈھانچے، اختیارات اور کام کے طریقہ کار کے متعلق تفصیلی معلومات فراہم کیں۔ چیف الیکشن کمشنر نے یورپی اتحاد کے پندرہ ممالک کے سفیروں کو بتایا کہ آئندہ انتخابات میں شفاف ’بیلٹ باکس‘ استعمال کیئے جائیں گے اور ووٹرز کو ترغیب دینے کا جامع پروگرام شروع کیا جائے گا۔ بیان کے مطابق ووٹرز کو ترغیب دینے اور ان میں شعور بیدار کرنے کے لیے امریکی امدادی ادارے ’یوایس ایڈ، اور اقوام متحدہ کے ادارہ برائے ترقیات ’یو این ڈی پی، نے تیکنیکی اور مالی مدد فراہم کرنے کا یقین دلایا ہے۔ واضح رہے کہ امریکہ پہلے ہی پاکستان میں آئندہ عام انتخابات شفاف بنانے پر زور دیتا رہا ہے اور جنوبی ایشیائی امور کے امریکی نائب وزیر خارجہ چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات بھی کرچکے ہیں اور اب یورپی یونین نے بھی پاکستان میں آئندہ عام انتخابات کو شفاف بنانے میں دلچسپی لینا شروع کردی ہے۔ اس بارے میں کچھ سیاسی مبصرین کی رائے ہے کہ دنیا کے اہم اور جمہوریت پسند ممالک کی جانب سے پاکستان میں آئندہ برس ہونے والے عام انتخابات کو شفاف بنانے کے لیے دلچسپی لینے سے انتخابی دھاندلی روکنے میں کسی حد تک کافی مدد ملے گی۔ | اسی بارے میں ’مشرف نے دھاندلی شروع کر دی ہے‘08 May, 2006 | پاکستان ’پاک جمہوریت امریکی ایجنڈے پر‘06 April, 2006 | پاکستان ’فوج عوامی حکومت کی تابع‘ 05 April, 2006 | پاکستان ’مشرف کے تحت الیکشن قبول نہیں‘15 May, 2006 | پاکستان باؤچر کی حکام سےملاقاتیں05 April, 2006 | پاکستان عبوری حکومت، انتخابات کا مطالبہ07 March, 2006 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||