عزیزاللہ خان بی بی سی اردو ڈاٹ کام کوئٹہ |  |
 | | | فائل فوٹو: بلوچستان میں گیس پائپ لائنوں پر حملے ہوتے رہے ہیں |
صوبہ بلوچستان کے شہر سوئی میں گیس پائپ لائن میں دھماکے سے آگ بھڑک اٹھی ہے جس سے پلانٹ کو گیس کی ترسیل معطل ہوگئی ہے۔ مقامی لوگوں نے بتایا ہے کہ چھبیس انچ قطر کی گیس پائپ لان میں دھماکے سے آگ بھڑک اٹھی جس سے شعلے بلند ہوئے ہیں۔ ان شعلوں سے بجلی کی تاروں کو آگ لگی ہے۔ یہ شعلے سوئی سے کافی دور واقعے علاقوں میں بھی دیکھے گئے ہیں جس سے لگتا ہے کہ اس کا اثر زیادہ ہوسکتا ہے۔ یہ اطلاعات موصول ہوئی ہیں کہ اس آگ سے پلانٹ کی طرف جانے والی سولہ انچ قطر کی گیس پائپ لائن کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ ان دھماکوں سے قریبی عمارتوں کو آگ لگی ہے جس سے کچھ عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئی ہیں۔ ایسی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں کہ آگ سے آٹھ افراد بے ہوش ہوگئے ہیں اور صوبہ پنجاب کے کچھ علاقوں کو گیس کی ترسیل کچھ وقت کے لیے معطل رہی ہے لیکن بعد میں متبادل ذرائع سے گیس کی ترسیل بحال کر دی گئی ہے۔ اس وقت آگ پر قابو پانے کے لیے کوششیں کی جا رہی ہیں جبکہ قریبی آبادی کو محفوظ مقامات کی طرف منتقل کیا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں ڈیرہ بگٹی کے ضلعی رابطہ افسر عبدالصمد لاسی سے بارہا رابطے کی کوشش کی لیکن ان سے نہ تو سوئی میں اور ناں ہی ڈیرہ بگٹی میں رابطہ ہوسکا۔ صوبائی حکومت کے ترجمان رازق بگٹی نے اس سارے واقعے سے لا علمی کا اظہار کیا ہے۔
|