کراچی: کالج میں طالبعلم کا قتل | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
کراچی کے ایک کالج میں مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک طالبعلم ہلاک جبکہ ایک زخمی ہوگیا ہے۔ مقتول کا تعلق جماعت اسلامی کی ذیلی تنظیم جمعیت سے تھا۔ یہ واقعہ جمعرات کی صبح پونےگیارہ بجے ضیاء الدین روڈ پر پر واقع کامرس کالج میں پیش آیا جب داخلہ کے لیے ٹیسٹ لیے جا رہے تھے۔ کالج کے پرنسپل جلال الدین نے بی بی سی کو بتایا کہ گیٹ پر پولیس اہلکار تعینات تھے مگر اس کے باوجود چار افراد داخلی گیٹ پھلانگ کر اندر داخل ہوئے۔ پرنسپل کے مطابق مسلح افراد فائرنگ کے بعد فرار ہوگئے۔ گولی لگنے سے ایک طالبعلم اکمل ہلاک اور اسلم نامی ایک طالبعلم زخمی ہوگیا۔ ہلاک ہونے والے طالبعلم کی لاش کلاس روم سے اٹھائی گئی جہاں خون کے دھبے موجود تھے مگر پرنسپل کا کہنا تھا کہ انہیں یہ معلوم نہیں کہ اکمل کو کلاس میں گولی ماری گئی یا باہر۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق اکمل کی موت دل میں گولی لگنے سے واقع ہوئی ہے۔
واضح رہے کہ کراچی کے تعلیمی اداروں میں گزشتہ ایک ہفتے سے طلبہ تنظیموں میں کشیدگی پائی جاتی ہے۔ اسلامیہ کالج اور اردو آرٹس کالج میں تصادم کے نتیجے میں دس سے زائد طلبعلم زخمی بھی ہوچکے ہیں۔ کامرس کالج کے پرنسپل نے بتایا کہ کشیدگی کی صورتحال کے پیش نظر کالج میں پولیس مقرر کی گئی تھی مگر انہوں نے کوئی مزاحمت نہیں کی اگر وہ ایک بھی ہوائی فائر کرتے تو طالب علم کی جان بچ سکتی تھی۔ کامرس کالج میں پانچ ہزار سے زائد طالبات اور طالبعلم زیر تعلیم ہیں۔ پرنسپل کے مطابق واقعے کے بعد خاص طور پر لڑکیاں ڈری ہوئی ہیں اور اساتذہ بھی خود کو غیر محفوظ سمجھ رہے ہیں۔ طالب علم کے قتل کے بعد کالج میں دو دن تک تدریسی عمل معطل رہے گا۔ ٹی پی او صدر نے اس معاملے پر لاپرواہی برتنے پر ایک اے ایس آئی سمیت تین اہلکاروں کو معطل کردیا ہے۔ مقتول اکمل کی لاش جناح ہسپتال پہنچائی گئی تو بڑی تعداد میں جمعیت کے کارکن جمع ہوگئے جو حکومت کے خلاف سخت نعرے بازی کر رہے تھے۔ واضح رہے کہ کامرس کالج رینجرز ہیڈ کورٹر کے بالکل ساتھ ہے۔ | اسی بارے میں کراچی میں احتجاج، لاہور بھی ہڑتال میں شامل12 April, 2006 | پاکستان کراچی:سبھی عدم تحفظ کا شکار 12 April, 2006 | پاکستان کراچی میں فوج طلب کر لی گئی13 April, 2006 | پاکستان کراچی مقدمہ: سنی تحریک کی لاتعلقی14 April, 2006 | پاکستان کراچی ہڑتال: اشیائے خورد کی قلت 14 April, 2006 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||