اسلام آباد: ڈنمارک کا سفارتخانہ بند | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
ڈنمارک اور یورپی اخبارات میں پیغمبر اسلام کے بارے میں شائع ہونے والے کیری کیچرز کے خلاف ملک بھر میں جاری پُر تشدد مظاہروں کے بعد سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر دارالحکومت اسلام آباد میں واقع ڈنمارک کا سفارتخانہ عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے۔ سفارتخانے کے عملے کو بھی کسی نامعلوم حفاظتی مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔اسلام آباد کے سیکٹر F6 میں واقع اس سفارتخانے کی سیکیورٹی پہلے ہی بہت سخت کی جا چکی تھی اور جس سٹرک میں یہ سفارتخانہ واقع ہے اس کو پولیس نے عام گذرگاہ کے طور پر بند کر دیا تھا۔ ڈنمارک کے سفارتخانے کے ٹیلیفون نمبر پر یہ پیغام چل رہا ہے کہ اگلے نوٹس تک سفارتخانہ عارضی طور پر بند ہے اور اگر آپ کو ایمرجنسی رابطہ کرنا ہے تو جرمن سفارتخانے سے رابطہ کریں۔ پاکستان کے دفتر خارجہ نے ابھی تک اس بات کی با ضابطہ تصدیق نہیں کی ہے اور کہا ہے کہ ڈنمارک کی حکومت نے باضابطہ طور پر ابھی تک پاکستانی دفتر خارجہ کو اس بارے میں اطلاع نہیں دی ہے۔ ڈنمارک کے سفارتخانے کے بند رہنے تک سفارتخانے کا کام جرمن سفارتخانے میں انجام دیا جائے گا۔ پاکستان نے ڈنمارک سے اپنے سفیر کو بھی واپس وطن طلب کر لیا ہے۔ دفتر خارجہ کے ایک بیان کے مطابق ڈنمارک کے دارالحکومت کوپن ہیگن میں تعینات پاکستان کے سفیر جاوید قریشی کو مشاورت کے لئے بلا لیا ہے۔ ابھی تک واضح نہیں ہے کہ پاکستان نے ایسا اسلام آباد میںڈنمارک کے سفارتخانے کو بند کرنے کے جواب میں کیا ہے کیونکہ دفتر خارجہ کی ترجمان تسنیم اسلم کے مطابق ڈنمارک کے سفارتخانے نے ابھی تک پاکستانی دفتر خارجہ کو سفارتخانہ بند کرنے کے بارے میں اطلاع نہیں دی ہے۔پاکستانی دفتر خارجہ عموما اپنے سفیروں کو مشاورت کے لئے طلب کرنے کے بارے میں سرکاری طور پر بیان جاری نہیں کرتا جس سے بظاہر یہ لگتا ہے کہ اس کا تعلق اسلام آباد میں ڈنمارک کے سفارتخانے کی عارضی بندش سے ہو سکتا ہے۔ پاکستان میں پیغمبر اسلام کے کیری کیچرز کے خلاف شدید مظاہرے ہو رہے ہیں جن میں اب تک پانچ افراد ہلاک ہو چکے ہیں اور نجی و سرکاری املاک کو بھی بہت نقصان پہنچایا گیا ہے۔ پاکستان میں ڈنمارک کے پرچم اور ڈینش وزیر اعظم کے پتلے بھی نظر آتش کیئے گئے ہیں اور حکومت سے مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ ڈنمارک سے سفارتی تعلقات ختم کیئے جائیں۔ گزشتہ ہفتے وفاقی وزیر صحت نصیر خان نے ایوان بالا یعنی سینیٹ کو بتایا تھا کہ ڈنمارک سے ادویات کی درآمد پر پابندی عائد کی جا رہی ہے۔ |
اسی بارے میں کارٹون تنازعہ: لاہور پولیس پہرے میں17 February, 2006 | پاکستان کراچی:کاروبار،دفاتر اور ٹرانسپورٹ بند17 February, 2006 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||