ڈیرہ بگٹی میں خاموشی رہی | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
بلوچستان کے شہر ڈیرہ بگٹی اور کوہلو میں سوموار کو خاموشی رہی جبکہ سوئی میں نیم فوجی دستوں کے اہلکاروں نے گیس کمپنی کے لیے کام کرنے والی گیارہ گاڑیوں کو تحویل میں لے لیا ہے۔ سیاستدانوں اور صحافیوں کے وفد کی روانگی سے پہلے ڈیرہ بگٹی میں فائرنگ اور گولہ باری کا سلسلہ رک گیا ہے۔ آج ڈیرہ بگٹی اور کوہلو میں خاموشی رہی اور کوئی بڑا واقعہ پیش نہیں آیا ہے ایک واقعے میں بگٹی قبیلے کے ایک شخص کے زخمی ہونے کی اطلاع ملی ہے۔ ڈیرہ بگٹی کے ضلعی رابطہ افسر عبدالصمد لاسی نے کہا ہے کہ سوئی میں کچھ گاڑیوں کو تحویل میں لے لیا گیا ہے جن کے کاغذات کی پڑتال کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ علاقے میں زیادہ تر گاڑیوں کے کاغذات نہیں ہیں بلکہ جعلی کاغذات حاصل کیے گئے ہیں جس کے خلاف علاقے میں ایک مہم شروع کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے کہا ہے کہ جب سے ڈیرہ بگٹی میں جھڑپیں شروع ہوئی ہیں لگ بھگ نو افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ مشکوک افراد کو حراست میں لیا جاتا ہے لیکن تفتیش کے بعد بے گناہ لوگوں کو چھوڑ دیا جاتا ہے۔ اس کے برعکس جمہوری وطن پارٹی کے جنرل سیکرٹری آغا شاہد بگٹی نے کہا ہے کہ فرنٹیئر کور کے اہلکاروں نے بیس سے پچیس افراد کو گرفتار کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ جن گیارہ گاڑیوں کو تحویل میں لیا گیا ہے یہ گاڑیاں پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ پی پی ایل کے لیے کافی عرصہ سے کام کر رہی تھیں۔
کراچی سے سیاستدانوں اور صحافیوں کا وفد کل ڈیرہ بگٹی پہنچے گا جہاں صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا تاکہ انتظامیہ اور بگٹی قبائل کے دعووں کو پرکھا جا سکے۔ حکومت یہ دعوی کر رہی ہے کہ سکیورٹی فورسز تنصیبات کے دفاع کے لیے موجود ہیں کوئی فوجی آپریشن نہیں ہو رہا ہے اور یہ کہ سکیورٹی فورسز اس وقت جوابی کارروائی کرتی ہیں جب ان پر حملہ ہوتا ہے۔ اس کے برعکس مقامی لوگ اور جمہوری وطن پارٹی کے قائدین کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز اندھا دھند بمباری اور گولہ باری کر رہی ہیں جس میں اکیس دنوں میں کوئی پینسٹھ افراد ہلاک اور دو سو سے زیادہ زخمی ہوئے ہیں جن میں خواتین اور بچے شامل ہیں ۔ ڈیرہ بگٹی میں گزشتہ سال مارچ میں ایف سی اور بگٹی قبیلے کے مسلح افراد میں جھڑپیں ہوئی تھیں جس میں نواب اکبر بگٹی کے مطابق تیس ہندووں سمیت ستر شہری ہلاک ہوگئے تھے جس کے بعد مذاکرات کے ذریعے دونوں جانب سے مورچے خالی کرا لیے گئے تھے اور اعتماد سازی کے لیے کوششوں پر زور دینے کے لیے کہا گیا تھا لیکن گزشتہ ماہ ڈیرہ بگٹی کے قریبی علاقے کوہلو میں فوجی کارروائی سے کچھ روز پہلے اچانک ایف سی نے دوبارہ مورچوں پر قبضہ کرلیا۔ نواب اکبر بگٹی نے فوجی کارروائی سے چند ماہ پہلے کہہ دیا تھا کہ ایک اور فوجی کارروائی کی تیاریاں ہو رہی ہیں۔ کوہلو میں صدر جنرل پرویز مشرف کے دورے کے دوران راکٹ داغنے کو بنیاد بنا کر فوجی کارروائی کی گئی لیکن ڈیرہ بگٹی میں ایف سی کی کارروائی کی کوئی واضح وجہ نہیں بتائی گئی محض یہ کہا گیا کہ بگٹی قبیلے کے مسلح لوگ ان پر حملہ کرتے ہیں تو وہ ان کے خلاف جوابی کارروائی کرتے ہیں۔ |
اسی بارے میں فوجی آپریشن کے خلاف مظاہرے23 January, 2006 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||