کراچی میں قوم پرستوں کی ریلی | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
کالا باغ ڈیم کے خلاف کراچی میں قوم پرست جماعتوں کی اپیل پر ایک اور مظاہرہ کیا جا رہا ہے جس میں حزبِ اختلاف کے رہنماؤں نے بھی شرکت کی ہے۔ یہ احتجاجی جلوس جمعرات کو دوپہر ڈیڑھ بجے کے قریب قائداعظم محمد علی جناح کے مزار سے شروع ہوا ہے اور سندھ ہائی کورٹ پر اختتام پذیر ہوگا۔ اس مظاہرے میں شرکت کے لیے صبح سے ہی مزار قائد پر لوگ جمع ہونا شروع ہوگئے تھے اور یہ لوگ کالاباغ ڈیم اور صدر مشرف کے خلاف نعرہ بازی کر رہے تھے۔ ریلی کے موقع پر سخت حفاظتی انتظام کیے گئے ہیں اور مزار قائد سے لےکر پریس کلب تک بڑی تعداد میں پولیس مقرر ہے۔ مارچ کے علاقے میں پٹرول پمپ اور سنیما گھر بھی بند کر دیے گئے ہیں۔ اینٹی گریٹر تھل کینال اور کالا باغ ڈیم ایکشن کمیٹی کی کال پر ہونے والے اس مارچ میں سندھ کی تمام قوم پرست تنظیموں اور اے این پی سمیت پونم، اے آر ڈی اور ایم ایم اے کے رہنما بھی شرکت کر رہے ہیں جن میں نثار کھوڑو، قائم علی شاہ، اسفند یار ولی، اختر مینگل، رسول بخش پلیجو، ڈاکٹر قادر مگسی، خالد محمود سومرو اور گل محمد جاکھرانی بھی شریک ہیں ۔ اینٹی گریٹر تھل کینال اور کالا باغ ڈیم ایکشن کمیٹی کے رہنما رسول بخش پلیجو کا کہنا ہے کہ ہم جمہوریت اور امن پسند لوگ ہیں اور ہمارا احتجاجی مارچ پر امن ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ’ہمیں یقین ہے کہ حکومت ہمارے آڑے نہیں آئےگی کیونکہ ایک فوجی جو جمہوریت کی بحالی کی باتیں کرتا ہے، لوگوں پر کیسے لاٹھیاں برسانے کا حکم دےگا۔ وہ یہ خواری نہیں اٹھائےگا‘۔ ایک طرف صوبائی دارالحکومت کراچی میں متنازعہ کالاباغ ڈیم کے خلاف مارچ جاری ہے تو دوسری طرف صدر پرویز مشرف نے بھی اندرون سندھ سے عوامی رابطہ مہم کا آغاز کر دیا ہے۔ واضح رہے کہ صدر جنرل پرویز مشرف کی جانب سے کالاباغ ڈیم کی تعمیر کا معاملہ دوبارہ سامنے لائے جانے کے بعد ملکی سطح پر بنائےگئے اتحادوں اور قوم پرستوں کا یہ پہلا مشترکہ احتجاج ہے۔ صدر پرویز مشرف بھی بدھ کے روز سے ہی سندھ میں کالاباغ ڈیم کی حمایت میں مہم شروع کر چکے ہیں۔ اس سلسلے کا پہلا جلسہ سکھر میں منعقد کیا گیا ہے۔ اس جلسے میں اندرون سندھ کے دس اضلاع میں سے ایک ایک ہزار لوگوں کو مدعو کیا گیا تھا جن میں ضلع ناظم ، تحصیل ناظم، اقلیتی رہنما، ایم این ایز ،ایم پی ایز اور کاشتکار شامل تھے۔ | اسی بارے میں ’ کالاباغ تو بنے گا، آگے کی بات کریں‘21 December, 2005 | پاکستان ’پہلے اختلافات ختم کرائیں گے‘21 December, 2005 | پاکستان سندھ ہڑتال: کراچی میں جزوی ردِعمل20 December, 2005 | پاکستان کالا باغ ڈیم کے خلاف مظاہرہ20 December, 2005 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||