’بم نہیں، جہاز کا کّور یا پینل‘ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان فضائیہ کے حکام کا کہنا ہے کہ صوبہ سرحد کے ضلع صوابی میں کل رات ایک تربیتی پرواز کے دوران طیارے سے گرنے والی پراسرا چیز کوئی بم نہیں بلکہ جہاز کا ایک چھوٹا سا کّور یا پینل تھا۔ تاہم پشاور کے مقامی اخبارات میں شائع ہونے والی خبروں میں اسے بم ظاہر کیا گیا تھا جسے مقامی پولیس تلاش کر رہی ہے۔ صوابی کے ناظم شاہ رام خان نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے گرنے والی چیز کو بم ہی قرار دیا۔ان کا کہنا تھا کہ دو روز کی تلاش کے باوجود یہ بم نہیں ملا ہے تاہم پولیس اس کی تلاش میں مصروف ہے۔ اسلام آباد میں پاکستان فضائیہ کے ایک ترجمان نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے اسے آٹھ انچ چوڑا اور دس انچ لمبا ایک کّور بتایا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس پرزے کی تلاش اس لیے کی جا رہی کہ اس کے گرنے کی وجہ معلوم کی جا سکے۔ یہ ’کّور‘ پاکستان فضائیہ کے ایک تربیتی طیارے سے معمول کی مشق کے دوران منگل کی رات ضلع صوابی کی حدود میں کہیں گرا تھا۔ طیارے کے پائیلٹ نے واپس کامرہ ائیر بیس پہنچ کر اس کی اطلاع دی تھی۔ فضائیہ کے حکام نے فورا صوابی کی پولیس کو اس سے مطلع کیا۔ بعد میں صوابی کے تمام تھانوں کو یہ خبر پہنچا دی گئی۔ اخبارات میں شائع خبروں کے مطابق اس ’بم‘ سے متعلق اطلاع لوگوں کو مساجد سے اعلانات کے ذریعے دی گئی جس سے وہاں خوف وہراس پھیل گیا۔ اخبارات نے حکام کے حوالے سے بتایا کہ لوگوں کو اس چیز سے دور رہنے اور احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ مبصرین حیران ہیں کہ عوام میں بے چینی پیدا کرنے والی اس خبر کا متعلقہ حکام نے کوئی نوٹس نہیں لیا اور اس کی تردید کی بھی کوئی کوشش نہیں کی گئی۔ | اسی بارے میں پاکستان دفاعی طیارے خریدے گا 29 October, 2005 | پاکستان ’ہائی مارک 2005‘ کا آغاز04 September, 2005 | پاکستان پاکستانی فضائیہ میں خواتین دستہ10 May, 2005 | پاکستان F16 کا طویل سفر25 March, 2005 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||