ہیلی کاپٹر پر حملہ، فوجی جنرل زخمی | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
بلوچستان کے شہر کوہلو کے قریب فرنٹیئر کور کے سربراہ کے ہیلی کاپٹر پر حملے میں آئی جی اور ڈی آئی جی زخمی ہوگئے ہیں۔ کوہلو سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق آئی جی فرنٹیئر کور میجر جنرل شجاعت ضمیر ڈار اور ڈی آئی جی بریگیڈئر سلیم نواز اس واقعہ میں زخمی ہوگئے ہیں اور انہیں کوئٹہ میں کمبائنڈ ملٹری ہسپتال میں داخل کر دیا گیا ہے۔ ہسپتال میں موجود عملے نے بتایا ہے کہ آئی جی اور ڈی آئی جی کو پنڈلیوں پرگولیاں لگی ہیں اور وہ اس وقت انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں ہیں۔ ہسپتال کے عملے کے مطابق دونوں افسران کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ یہ دونوں افسران ہیلی کاپٹر پر اس جگہ کا معائنہ کرنےگئے تھے جہاں گزشتہ روز صدر پرویز مشرف کے دورے کے دوران نامعلوم افراد نے فائرنگ کی تھی۔ اطلاعات کے مطابق ہیلی کاپٹر کافی نیچی پرواز کر رہا تھا اور اس پر نامعلوم افراد نے کلاشنکوف سے فائرنگ کی۔ ضلعی رابطہ افسر کوہلو نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے پاس مزید تفصیلات نہیں ہیں۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز صدر جنرل پرویز مشرف کے کوہلو کے دورے کے دوران نامعلوم افراد نے راکٹ داغے تھے اور ایک جگہ پر نیم فوجی دستے کے اہلکاروں اور نامعلوم افراد کے مابین فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا تھا۔ راکٹ داغنے کے واقعہ کی ذمہ داری میرک بلوچ نا می شخص نے ٹیلیفون پر بلوچ لبریشن آرمی کی طرف سے قبول کی تھی۔ صدر پرویز مشرف کے کوئٹہ کے دورے کے دوران چکاونی کے علاقے میں بھی راکٹ داغے گئے تھے۔ صدر مشرف نے گزشتہ روز ان دھماکوں کے بارے میں کہا تھا کہ وہ ان راکٹوں سے ڈرنے والے نہیں ہیں اور وہ پھر کوہلو ضرور آئیں گے اور یہاں ترقی کا عمل جاری رہے گا۔ | اسی بارے میں مشرف دورہ: پھر راکٹ داغے گئے14 December, 2005 | پاکستان مشرف کا دورہ: بالاچ مری کودعوت12 December, 2005 | پاکستان ’فوجی آپریشن کی تیاری جاری ہے‘10 December, 2005 | پاکستان بلوچستان آپریشن، سات افراد گرفتار08 December, 2005 | پاکستان مچھ میں لیویز کی چوکی پر حملہ01 December, 2005 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||