مچھ میں لیویز کی چوکی پر حملہ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
صوبہ بلوچستان کے شہر مچھ میں نا معلوم افراد نے لیویز فورس کی ایک چوکی پر حملہ کیا ہے لیکن کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ مچھ سے آمدہ اطلاعات کے مطابق فائرنگ کا سلسلہ شام کے بعد شروع ہوا جو ایک گھنٹے تک جاری رہا اس دوران سبی اور کوئٹہ کے درمیان ریل گاڑی کو روک دیا گیاتھا۔ لیویز فورس کی یہ چوکی کچھ عرصہ پہلے قائم کی گئی تھی۔ مچھ کے نائب انتظامی افسر خدائے نذر نے کہا ہے کہ لیویز فورس نے فرنٹئر کوریعنی نیم فوجی دستوں کی مدد طلب کر لی تھی اور جوابی کارروائی کے حملہ آور فرار ہو گئے ہیں۔ یاد رہے کچھ روز پہلے نا معلوم افراد نے مچھ سے اٹھارہ کلومیٹر دور بجلی کے کھمبے کو دھماکہ خیز مواد سے اڑانے کی کوشش کی تھی لیکن اس حملے میں بجلی کی ترسیل متاثر نہیں ہوئی تھی۔ مچھ میں نا معلوم افراد نے کچھ ماہ قبل کوئلے کی کانوں پر قبضہ کر لیا تھا اور لیویز کی ایک چوکی کو آگ لگا دی تھی۔ کوئلے کی کان کے ایک ٹھیکیدار بابو رفیق نے بتایا تھا کہ نامعلوم افراد رقم کا مطالبہ کر رہے تھے۔ بلوچستان کے دیگر علاقوں کی طرح مچھ میں بھی حالات کچھ عرصہ سے کشیدہ ہیں جہاں قومی تنصیبات پر حملے معمول سے ہوتے رہے ہیں۔ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||