وعدہ جو وفا ہوا | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
زلزلے سے تقریباً مکمل تباہ ہوجانے والے صوبہ سرحد کے شہر بالا کوٹ میں منگل کے روز متاثرین اس وقت کچھ دیر کے لیئے اپنا غم بھول کر خوشی کا جشن منانے میں مصروف ہوگئے جب ایک کیمپ میں شادی کی رسومات ادا کی گئیں۔ آٹھ اکتوبر کو آنے والی تباھی کے بعد زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں غالباً یہ شادی کی پہلی تقریب تھی۔ ملبے کے ڈھیر بالا کوٹ شہر میں داخل ہوتے ہی دائیں طرف واقع غیر سرکاری تنظیم پتن کے امدادی کیمپ میں مقیم اٹھارہ سالہ رفعت کی شادی اس کے چچا زاد چھبیس سالہ ابرار حسین شاہ کے ساتھ انجام پائی۔ دونوں کی نسبت ایک سال قبل اس وقت طے کی گئی تھی جب بالا کوٹ دریائے کنہار کے ساتھ آباد سیاحوں کی توجہ کا مرکز ایک خوبصورت مقام ہوا کرتا تھا۔
پتن کے عبدالصبور بتاتے ہیں کہ ان کے کیمپ میں متاثرین کی آمد چودہ اکتوبر سے شروع ہوئی تو رفعت اور ابرار کے خاندان کے لوگ بھی مدد کی تلاش میں ادھر آئے۔ چونکہ وہ ایک ہی خاندان سے تھے اس لیئے انہیں ایک ہی خیمے میں پناہ لینے کے لیے کہا گیا۔ اس پر ان کے بڑوں نے بتایا کہ رفعت اور ابرار کی چونکہ نسبت طے ہوچکی ہے اس لیے رواج کے مطابق شادی سے قبل یہ دونوں ایک ہی چھت کے نیچے اکٹھے نہیں رہ سکتے۔ اس پر دو الگ الگ خیموں کا بندوبست کیا گیا۔ زلزلے کے نتیجے میں رفعت اور ابرار کے خاندان کے نو کے قریب بچے سکول کی چھت گرنے سے ہلاک ہوئے تھے۔ تاہم خاندان کے سب بالغ افراد اس آفت میں محفوظ رہے۔ ابرار پیشے کے لحاظ سے معمار ہیں لیکن الیکٹریشن کے طور بھی کام کرتے ہیں۔
شادی سے ایک روز قبل یعنی پیر کی رات مہندی لگانے کی رسم ادا کی گئی جس میں پتن کے کیمپ میں مقیم لڑکیوں کے علاوہ اردگرد کے کیمپوں میں رہنے والی خواتین نے بھی حصہ لیا، گیت گائے اور یوں ہر طرف چھائے المناک ماحول میں دھندلا جانے والی زندگی کی تصویر میں رنگ بھرنے کی کوشش کی۔ شادی کی تقریب میں شریک مہمانوں میں شامل تھے کئی ملکوں سے آئے امدادی کارکن اور پاکستانی فوج کے اہلکار۔مہمانوں کی تواضع کی گئی چائے اور بسکٹ کے ساتھ جبکہ دلہن کو جہیز میں دیا گیا ایک کمبل، ایک بستر اور دو سلیپینگ بیگز۔ رفعت گھر آباد کرنے کے لیئے ایک خیمے سے رخصت ہو کر دوسرے میں چلی گئی کہ وقت کو ٹھہرنا نہیں بس چلتے جانا ہے. اور شاید وقت کی ایک یہی بات اچھی ہے کہ جیسا بھی ہو گذر جاتا ہے۔ | اسی بارے میں دھول اور بدبو بالاکوٹ کا مقدر18 October, 2005 | پاکستان بالاکوٹ: ٹیٹنس کے مریضوں میں اضافہ20 October, 2005 | پاکستان ’ ہم اسی ملبے پر بیٹھے رہیں گے‘20 October, 2005 | پاکستان ہر پانچ میں سے دو مکان تباہ: حکام23 October, 2005 | پاکستان بالاکوٹ: سگریٹ کی طلب 25 October, 2005 | پاکستان جب کوئی احساس ہی نہ رہے 28 October, 2005 | پاکستان | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||