| | زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں ٹیٹنس کے ٹیکوں کی اشد ضرورت ہے |
اقوام متحدہ کے ادارہ برائے صحت کے اہلکار کے مطابق پاکستان کے شمالی علاقوں میں ٹیٹنس کے ٹیکے دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے اس بیماری سے متاثرہ افراد کی تعداد بڑھتی جا رہی ہے اور اس سے اموات بھی ہوئی ہیں۔ اقوام متحدہ کے ادارہ برائے صحت سے منسلک ڈاکٹر نور نے کہا ہے کہ پاکستان کے شمالی علاقہ بالاکوٹ میں اب تک ٹیٹنس کے اٹھارہ کیس کی شناخت ہو چکی ہے اور تین اموات بھی ہوچکی ہیں۔ ڈاکٹر نور کے مطابق ٹیٹنس سے زیادہ تر بچے متاثر ہو رہے ہیں اور تین مرنے والوں میں دو بچے شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امدادی کاموں میں ربط کے فقدان کی وجہ سے لوگوں کو ٹیٹنس کے حفاظتی ٹیکے لگانے کا کوئی انتظام نہیں ہے جس وجہ سے زلزلہ سے متاثرہ افراد میں ٹیٹنس کی بیماری کا نشانہ بننے والوں کی تعداد بڑھتی جا رہی ہے۔ ڈاکٹر نور نے کہا کہ بعض مقامات پر ٹیٹنس کے ٹیکوں کو ذخیرہ کرنے کے مناسب انتظامات نہیں اور انہیں مطلوبہ درجہ حرارت پر نہیں رکھا جا رہا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیٹنس کے ٹیکوں کو اگر مناسب درجہ حرارت پر نہ رکھا جائے تو وہ غیر موثر ہو جاتے ہیں۔
|