غیرملکی امدادی سہولتوں میں اضافہ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
اتوار کے دن جرمنی میں امریکی افواج نے چھپن بستروں کا ایک موبائل ہسپتال پاکستان بھجوانے کی تیاریاں شروع کر دی۔ یہ ہسپتال آئندہ چند دنوں میں پاکستان پہنچایا جائے گا جس میں زلزلے کےمتاثرین کا علاج کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ برطانیہ کی حکومت نے بھی دو ’پُوما‘ ہیلی کاپٹر پاکستان بھجوانے کا اعلان کیا ہے۔ خبر رساں ادارے رائٹر کے مطابق سفری ہسپتال کے عملے میں چالیس ڈاکٹر اور نرسیں شامل ہوں گے۔ فوری طبی امداد مہیا کرنے کے علاوہ اس ہسپتال میں روزانہ بیس آپریشن کرنے کی صلاحیت ہوگی۔ جرمنی کے رامسٹین ائر بیس کے قریب، جہاں پر درجنوں فوجی ٹرک اور جینریٹر ایک ہوائی جہاز پر چڑھائے جا رہے تھے، امریکی فوج کے کرنل اینجل لُوگو نے صحافیوں کو اس مشن کی تفصیلات بتائیں۔ انہوں نے کہا ' ہم (پاکستان) جانے کے لیے تیار ہیں اور ہمارے فوجی خوش ہیں کہ وہ امدادی کارائیوں میں حصہ لینےجا رہے ہیں۔' سفری ہسپتال کے عملے میں دو سو افراد شامل ہیں۔ اگرچہ یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ اس ہسپتال اور اس سے ملحقہ سامان کو پاکستان جانے کے لیے کہاں سے روانہ کیا جائے گا تا ہم کرنل اینجل لُوگو کے مطابق پاکستان پہنچنے کے ایک دن کے اندر اندر یہ ہسپتال کام کرنا شروع کر دے گا۔ انہوں نے کہا ہمیں توقع ہے کہ زلزلے سے بے شمار لوگوں کو شدید ذہنی دھچکا پہنچا ہے اور ہم ایسے مریضوں کا علاج بھی کریں گے۔ واضح رہے کہ امریکی صدر جارج بُش نے پاکستان کےلیے پچاس ملین ڈالر کی امداد کا وعدہ بھی کیا ہے۔ اس کے علاوہ امریکی ہیلی کاپٹر اور فوری امداد کی اشیاء پہلے ہی پاکستان پہنچ چکی ہیں۔ جب کرنل اینجل لُوگو سے پوچھا گیا کہ زلزلے کے ایک ہفتے بعد بھی وہ پاکستان کیوں نہیں پہنچ پائے تو انہوں نے کہا کہ وہ پوری طرح تیار ہیں اور اب صرف جہازوں کا انتظار ہے جن کے ذریعے سفری ہسپتال اور اس سے متعلقہ ساز و سامان اور سٹاف کو پاکستان پہنچایا جانا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی ٹیم کو زلزلے کے فوراً بعد تیار رہنے کو کہہ دیا گیا تھا۔ ادھراتوار کے دن حکومت برطانیہ نے دو 'پُوما' ہیلی کاپٹر پاکستان بھجوانے کا اعلان کیا ہے۔ برطانیہ کے محکمہ برائے بین الاقوامی ترقی کے ایک ترجمان نے بتایا کہ یہ ہیلی کاپٹر اسلام آباد میں ریڈ کراس کو مہیا کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہیلی کاپٹر پیر کو اسلام آباد پہنچیں گے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||