صدارتی نظام آ رہا ہے : پگارا | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
فنکشنل مسلم لیگ کے سربراہ پیر پگارا نے کہا ہے کہ ملک میں پارلیمانی نظام بری طرح ناکام ہوچکا ہے اور اب صدارتی نظام نافذ ہوگا۔ کراچی میں اپنی رہائش گاہ کنگری ہاؤس میں منگل کی شب صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایسا نظام کس کام کا جس میں اسمبلی کا کورم بھی مکمل نہیں ہوسکتا ہو اور صرف پیسے خرچ کئے جارہے ہوں۔ صدارتی نظام کب لاگو ہوگا کے جواب میں پگارا کا کہنا تھا کہ جب جنرل مشرف چاہیں گے صدارتی نظام لاگو ہوجائیگا۔ اس کے لیےکسی کےووٹ کی ضرورت نہیں پڑےگی۔ چوہدری شجاعت کے حالیہ بیان کے بارے میں کہ تبدیلی چھوٹی سطح پر آئیگی، پگارا نے کہا کہ تبدیلی چھوٹی سطح پر آئے یا بڑی سطح پر، دونوں صورتوں میں چوہدری شجاعت کو جانا ہو گا۔ لیگ کا مستقبل روشن ہے مگر شجاعت کی بنائی ہوئی( ق) لیگ ختم ہوجائیگی۔ بلدیاتی انتخابات میں پی پی پی کی ناکامی کے بارے میں فنکشنل مسلم لیگ کے سربراہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی والے اپنے کرتوتوں اور کارناموں کی وجہ سے ہارے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بینظیر بھٹو کو اقتدار نہیں مل رہا ہے۔ وہ کسی اور کو اقتدار لینے بھی نہ دیں گی۔ پیر پگارا نے پاکستان اور اسرائیل کے تعلقات بحال ہونےکی حمایت کی اور کہا کہ حقیقت کو تسلیم کرنا نہ تو غلط ہے اور نہ ہی گناہ ہے۔ اس سے قبل پیر پگارا سے وزیراعلیٰ سندھ ارباب غلام رحیم نے ملاقات کی اور سرکاری اطلاعات کے مطابق دونوں نے اختلافات ختم کردیئے ہیں۔ پیر پگارا نے کہا کہ سندھ میں ہم مشترکہ امیدوار کھڑے کر رہے ہیں ہمارے اختلافات ختم ہوگئے ہیں اور باقی بچے ہیں وہ بھی ختم ہوجائینگے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||