آصف زرداری کے وارنٹ جاری | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
راولپنڈی کی ایک احتساب عدالت نے غیر حاضری کا نوٹس لیتے ہوئے پاکستان کی سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو کے شوہر آصف علی زرداری کے ناقابل ضمانت گرفتاری وارنٹ جاری کر دیے ہیں۔ احتساب عدالت نمبر تین کے جج سخی محمد کہوٹ نے سنیچر کے روز ’اے آر وائی گولڈ‘، اور ’ایس جی ایس‘، کے نام سے مشہور مقدمات میں یہ وارنٹ جاری کیے ہیں۔ عدالت نے پولیس کو حکم دیا ہے کہ وہ آصف علی زرداری کو گرفتار کر کے بیس ستمبر کو عدالت میں پیش کریں۔ واضح رہے کہ اس سے قبل چھ ستمبر کو احتساب عدالت نمبر دو کے جج صغیر احمد قادری نے ’بی ایم ڈبلیو کار کیس‘ میں آصف علی زرداری کی ضمانت منسوخ کردی تھی۔ زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائک نے عدالت کو بتایا کہ ان کے موکل بیمار ہیں اور انہوں نےنیویارک کے ایک ہسپتال سے اینجیو پلاسٹی کروائی ہے اس لیے انہیں عدالت میں پیش ہونے سے مستشنیٰ قرار دیا جائے۔ فاروق نائک نے کہا کہ وہ خود عدالت میں موجود ہیں اور مقدمے کی کارروائی چلانے کے لیے آصف علی زرداری کی موجودگی لازمی نہیں ہے لیکن عدالت نے ان کا موقف مسترد کر دیا۔ واضح رہے کہ آصف علی زرداری پر قتل اور بدعنوانی کے متعدد مقدمات قائم کیے گئے تھے اور وہ مسلسل آٹھ برس تک قید میں رہنے کے بعد ’بی ایم ڈبلیو کار کیس‘ میں ضمانت منظور ہونے کے بعد گزشتہ سال کے آخر میں رہا ہوگئے تھے۔ رہائی کے بعد انہوں نے ملک کے مختلف شہروں میں جلسے جلوس نکالے اور بعد میں دبئی میں خود ساختہ جلاوطنی کی زندگی گزارنے والے اپنے اہل خانہ کے پاس چلے گئے تھے۔ ادھر عدالتی حکم پر تنقید کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رہنما سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ حکمران عدالتوں کو استعمال کرکے پیپلز پارٹی کی قیادت پر دباؤ ڈال رہے ہیں۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||