زرداری کی انجیو پلاسٹی ہوگئی | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پیپلزپارٹی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ہفتہ کے روز پارٹی کی چئرپرسن بے نظیر بھٹو کے شوہر آصف علی زرداری کے دل کی انجیوپلاسٹی ہوگئی اور وہ اس وقت ایرانین ہسپتال کے انتہائی نگہداشت کے وارڈ (سی سی یو) میں داخل ہیں۔ آصف علی زرداری آٹھ سال پاکستان کی مختلف جیلوں میں قید رہنے کے بعد حال ہی میں رہا ہوئے تھے۔انہیں اور بے نظیر بھٹو کو دس روز بعد پندرہ جون کو منی لانڈرنگ کے ایک کیس کی سماعت میں اپناموقف پیش کرنے کے لیے سوئس عدالت نے بلایا ہوا ہے۔ اتوار کے روز لاہور میں بے نظیر بھٹو کے ترجمان منور انجم نے کہا کہ آج رات ڈاکٹر زرداری کا دوبارہ معائنہ کریں گے اور اگر ڈاکٹروں نے مشورہ دیا تو انہیں مزید علاج کے لیے لندن لے جایا جاسکتا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ آصف علی زرداری کو جمعہ اور ہفتہ کی شب دل کی تکلیف ہوگئی تھی جس پر انہیں دبئی کے ایرانین ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ ترجمان کے مطابق ہسپتال میں ڈاکٹروں نے ان کی انجیوگرافی کی اور دوسرے ٹیسٹ کیے جس سے پتہ چلا تھا کہ زرداری کے دل کے نیچے کی طرف کی ایک خون کی رگ بند ہے۔ ترجمان کے مطابق آصف زرداری کے وہ ڈاکٹر جو ان کے طبی علاج سے وابستہ رہے وہ بھی کراچی سے دبئی پہنچ گئے ہیں۔ آصف زرداری اس وقت ایرانین ہسپتال کے سی سی یو میں ہیں اور ان کی بیوی بے نظیر بھٹو، ان کے بچے اور انکی بہن فریال تالپور تیمارداری کے لیے ان کے پاس ہیں۔ ایک سال پہلے سوئزرلینڈ کے ایک میجسٹریٹ نے منی لانڈرنگ کے ایک مقدمہ میں بے نظیر بھٹو اور آصف زرداری کے خلاف فیصلہ دیا تھا۔ اس مقدمہ میں حکومت کا قومی احتساب بیورو (نیب) بھی ایک فریق ہے۔ دل کے عارضے کے بعد یہ سوال اٹھا ہے کہ کیا آصف زرداری سوئس عدالت میں حاضر ہوسکیں گے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||