’زرداری کی ضمانت منسوخ‘ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ’اے پی پی‘ کے مطابق راولپنڈی کی ایک احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو کے شوہر آصف علی زرداری کی ’بی ایم ڈبلیو کار کیس‘ میں ضمانت منسوخ کردی ہے۔ عدالت کے فیصلے کے بعد آصف علی زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائک نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ضمانت سپریم کورٹ نے منظور کی تھی اور احتساب عدالت ضمانت منسوخ نہیں کرسکتی۔ آصف علی زرداری ان دنوں امریکہ میں ہیں جہاں وہ دِل کا علاج کرا رہے ہیں۔ قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ ضمانت کی منسوخی کی صورت میں آصف علی زرداری کو پاکستان پہنچنے پر گرفتار کیا جاسکتا ہے۔ وکیل صفائی نے بتایا کہ احتساب عدالت نے آصف علی زرداری کو عدالت میں پیش ہونے سے مستشنیٰ قرار دینے کی درخواست مسترد کردی ہے اور کہا ہے کہ ریکارڈ پر کچھ موجود نہیں ہے کہ ملزم عدالت میں جان بوجھ کر پیش ہورہا ہے یا نہیں اس لیے انہیں ضابطہ فوجداری کی شق ستاسی کے تحت نوٹس دیا جائے۔ وکیل کے مطابق اس شق کے تحت جاری ہونے والے نوٹس کے مطابق عدالت ملزم کو اشتہاری قرار دینے کے بارے میں کارروائی کرتی ہے۔ فاروق ایچ نائک نے کہا کہ وہ راولپنڈی کی احتساب عدالت نمبر تین کے جج صغیر احمد قادری کے اس حکم کو لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کریں گے۔ احتساب عدالت نے پیپلز پارٹی کے رہنما راجہ پرویز اشرف کو بھی نوٹس جاری کیا ہے کہ کیوں نہ ان کی طرف سے جمع کروایا جانے والا زرِ ضمانت ضبط کیا جائے۔ عدالت نے مبینہ بدعنوانی کے اس ریفرنس کی مزید سماعت آٹھ اکتوبر تک ملتوی کردی ہے۔ واضح رہے کہ آصف علی زرداری پر متعدد قتل اور بدعنوانی کے مقدمات قائم کیے گئے تھے اور وہ مسلسل آٹھ برس تک قید میں رہنے کے بعد ’بی ایم ڈبلیو کار کیس‘ میں ضمانت منظور ہونے کے بعد گزشتہ سال کے آخر میں رہا ہوئے تھے۔ رہائی کے بعد انہوں نے ملک کے مختلف شہروں میں جلسوں سے خطاب کیا اور بعد میں دبئی میں خود ساختہ جلاوطنی کی زندگی گزار رہے اپنے اہل خانہ کے پاس چلے گئے تھے۔ استغاثہ کا کہنا ہے کہ آصف علی زرداری نے ترانوے ماڈل کی ’بی بیم ڈبلیو کار‘ کسی اور کے نام برآمد کی اور اس کی ڈیوٹی کم ادا کی تھی۔ جس سے ان کے مطابق سرکاری خزانے کو ایک کروڑ روپے کا نقصان پہنچا تھا۔ وکیل صفائی کا کہنا ہے کہ متعلقہ کار نہ ان کے موکل نے درآمد کی ہے اور نہ ان سے برآمد ہوئی ہے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||