ہڑتال کی کال بے مقصد ہے | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
وزیراعظم شوکت عزیز نے کہا ہے کہ حزب اختلاف کی ہڑتال کی کال بے فائدہ ہے جس کا کوئی مقصد نہیں اور یہ ملک کے استحکام اور سرمایہ کاری کے لیے اچھی نہیں ہوگی۔ وزیراعظم لاہور میں پیر کے روز ہنڈا اٹلس کے کاروں کے پلانٹ کی توسیع کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ہڑتال سے کسی کو فائدہ نہیں ہوگا بلکہ مزدور طبقہ اور ملک کا نقصان ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حزب اختلاف کے سیاسی اختلافات ہیں تو وہ انہیں پریس میں اجاگر کرے اور پارلیمنٹ میں لائے۔ شوکت عزیز نے کہا کہ کاروں کے اس انجینئرنگ پلانٹ میں توسیع اس بات کی مظہر ہے کہ ملک میں معاشی ترقی ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بڑے سرمایہ کار ملک میں آرہے ہیں اور سرمایہ کاری کررہے ہیں جس کا سب کو فائدہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاری کی سرحد نہیں ہوتی اورجہاں مقابلتًا زیادہ فائدہ ہوتا ہے سرمایہ کار وہاں جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا ٹیکسٹائل شعبہ بڑا تھا لیکن اب انجینئرنگ شعبہ میں سرمایہ کاری منتقل ہورہی ہے اور اس یہ شعبہ بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں موٹر سائکلوں اور موبائل فون کی طلب میں اضافہ ہوا ہے۔ شوکت عزیز نے کہا کہ مجموعی ملکی پیداوار یا جی ڈی پی میں گزشتہ سال آٹھ فیصد سے زیادہ شرح سے نشو ونما ہوئی جس سے ایک نئی مڈل کلاس پیدا ہوئی ہے اور چیزوں کی طلب میں اضافہ ہوا ہے، خرچ بڑھا ہے اور کنزیومر طبقہ بڑھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج سے پانچ سال پہلے ملک میں کاروں کی پیداوار تیس ہزار تھی جو آج ایک لاکھ بیس ہزار ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگلے پانچ سال میں ملک میں کاروں کی طلب بڑھ کر چار سے پانچ لاکھ ہوجائےگی۔ اس لیے صنعتی شعبہ کو یہ دیکھ کر سرمایہ کاری کرنی چاہیے۔ شوکت عزیز نے کہا کہ یہ صدی ایشیا کی صدی ہے اور اگلی دہائی پاکستان میں معاشی ترقی کی دہائی ہوگی۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||