منموہن کا الزام غلط ہے: دفترِخارجہ | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان نے بھارتی وزیرِاعظم منموہن سنگھ کے اس الزام کو مسترد کر دیا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان نے دہشتگردی کے ڈھانچے کو پوری طرح ختم کرنے کے لیے ادھورے اقدامات کیے ہیں۔ دفتر خارجہ کے ترجمان نعیم خان نے پیر کو ہفتہ وار پریس بریفنگ میں کہا کہ پاکستان میں دہشتگردی کا کوئی ڈھانچہ موجود نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دہشتگردی کے کیمپوں کے بارے میں ذرائع ابلاغ میں چھپنے والی خبریں غلط اور بے بنیاد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ تمام دیرینہ مسائل بشمول کشمیر حل کرنا چاہتا ہے تاکہ خطے میں دیرپا اور دائمی امن قائم کیا جا سکے۔ بھارتی وزیر اعظم نے آج بھارت کے یوم آزادی کے موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان کو دہشت گردی کا ڈھانچہ مکمل طور پر ختم کرنا ہو گا۔ انہوں نے اس بات کا اعتراف کیا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اقدامات کیے ہیں مگر ساتھ ہی انھوں نے کہا کہ ادھورے اقدامات کی وجہ سے دہشت گردی کے خلاف فتح حاصل نہیں کی جا سکتی۔ پاکستان کے صدر جنرل پرویز مشرف اور وزیرِاعظم شوکت عزیز نے اتوار کو پاکستان کے یوم آزادی پر اپنے پیغامات میں اس عزم کا اظہار کیا تھا کہ ملک میں شدت پسندی اور دہشت گردی کو شکست دی جائے گی۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||