پاکستان کا بھارت سے احتجاج | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفترِ خارجہ میں طلب کر کے بھارتی افواج کی طرف سے پیر کو لائن آف کنٹرول کی مبینہ خلاف ورزی پر احتجاج کیا ہے۔ پاکستانی فوج کے ترجمان میجر جنرل شوکت سلطان نے الزام لگایا ہے کہ بھارتی فوج کے کچھ اہلکاروں نے پیر کو کولا سیکٹر میں لائن آف کنٹرول عبور کی اور پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے ایک گاؤں کنڈی سے ایک فرد کو اغوا کر لیا۔ ترجمان کے مطابق بھارتی فوجیوں نے کنٹرول لائن کی خلاف ورزی کے علاوہ بلا اشتعال فائرنگ بھی کی۔ پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز نے اس مسئلے پر اپنے بھارتی ہم منصب سے بھی بات کی ہے اور اس بارے میں انکوائری کرنے کے لیے کہا ہے۔اس کے علاوہ بھارتی فوج سے اغوا کیے جانے والے شخص کی واپسی کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ ایسے واقعات دونوں ممالک کے درمیان جاری امن مذاکرات کی روح کے منافی ہیں۔ بھارتی فوج نے اس واقعے کی تردید کی ہے۔ تاہم اسلام آباد میں بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر ٹی سی اے راگھون کو آج دفتر خارجہ طلب کیا گیا اور ان کو ایک احتجاجی مراسلہ دیا گیا ہے جس میں بھارتی حکومت سے کہا ہے کہ وہ ایسے واقعات کی روک تھام کریں۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||