کراچی:5 نوجوان سمندر کی نذر | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
کراچی کے ساحلی علاقوں میں تفریح کے لیے آنے والے پانچ نوجوان ڈوب گئے جن میں سے تین کی لاشیں برآمد کرلی گئی ہیں۔ پولیس کے مطابق درخشاں کے علاقے سی ویو میں سمندر کے اندر تک بنائی گئی دیوار پر تین نوجوان بیٹھے تھے کہ اچانک ان میں سے ایک سمندر میں گرگیا۔ اپنے ساتھی کو بچانے کے لیے دو نوجوانوں نے سمندر میں چھلانگ لگادی اور تینوں سمندر کی تیز لہروں کا شکار ہوگئے۔ غوطہ خوروں نے دو لاشیں برآمد کر لی ہیں لیکن ان کی شناخت نہیں ہو سکی ہے۔ کیپ ماؤنٹ کے ساحل پر تفریح کے لیے آنے والے دو نوجوان سمندر میں نہاتے ہوئے ڈوب گئے۔ جن میں سے چوبیس سالہ زاہد کی لاش برآمد کرلی گئی ہے۔ مرحوم اپنے دوست کے ہمراہ اورنگی ٹاؤن سے تفریح کے لیے کیپ ماؤنٹ پر آیا تھا۔ غوطہ خور دوسرے شخص کی لاش تلاش کر رہے ہیں۔ سندھ حکومت نے سمندر میں تیز لہروں کے بعد دفعہ ایک سو چوالیس کے تحت سمندر میں اترنے اور نہانے پر پابندی عائد کر رکھی ہے لیکن اس پابندی کی کھلی خلاف ورزی دیکھنے میں آئی ہے۔ یاد رہے کہ پندرہ روز قبل بھی ہاکس بے کے مقام پر تفریح کے لیے آنے والے ایک خاندان کے سات افراد سمندر کی لہروں کی نذر ہو گئے تھے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||