کراچی: متحدہ کا کارکن ہلاک | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
کراچی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے متحدہ قومی موومنٹ کا ایک کارکن ہلاک اور پولیس کا ایک سپاہی زخمی ہو گیا ہے۔ یہ واقعے جمعہ کو اورنگی ٹاؤن میں متحدہ قومی موومنٹ کے الیکشن دفتر کے سامنے پیش آیاہے۔ نامعلوم افراد نے ناصر صدیقی پرفائرنگ کی جس میں وہ ہلاک ہوگئے۔ پاکستان بازار پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ میں ان کا ایک سپاہی مشتاق بھی زخمی ہوا ہے جو واقعے کے بعد سے لاپتہ ہے۔ پولیس کے مطابق ملزمان واقعے کے بعد پیدل فرار ہوگئے۔ مقتول ناصر صدیقی متحدہ قومی موومنٹ کے الیکشن سیل میں سرگرم تھا۔ الیکشن آفس کے سامنے پان کھانے گیا تھا کہ مسلح افراد نے فائرنگ کر دی۔ ناصر صدیقی کی لاش عباسی شہید ہسپتال پہنچائی گئی، جہاں پوسٹ مارٹم کے مطابق مقتول کی آنکھ پر لگی ہوئی گولی آرپار ہوگئی ہے۔ آنکھ میں لگی گولی جان لیوا ثابت ہوئی۔ پاکستان پولیس کا دعویٰ ہے کہ واقعے ٹارگیٹ کلنگ ہے۔ مزید تفتیش کی جارہی ہے۔ سندھ میں محکمہ اطلاعات کے ایڈوائیزر اور متحدہ کے رہنما صلاح الدین حیدر کا کہنا ہے کہ اب تک ملزمان کی نشاندھی تو نہیں ہوئی ہے، مگر یہ ’ٹارگٹ کلنگ‘ کی واردات ہے۔ اس علاقے میں متحدہ اور سنی تحریک کے مابین کشیدگی پائی جاتی ہے۔ صلاح الدین حیدر کے مطابق یہ واقعہ ایم کیو ایم کے کارکنوں کو ہراساں کرنے کی کوشش ہے۔ واضح رہے کہ کراچی میں بلدیاتی انتخابات کا عمل شروع ہونے کے بعد کسی بڑی جماعت کے کارکن کی یہ پہلی ہلاکت ہے۔ حکومت مخالف جماعتیں انتخابات میں خونریزی کے خدشات کا اظہار کرتی رہی ہیں۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||