ٹرین حاددثے کی ایف آئی آر درج | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
سانحہ گھوٹکی کا مقدمہ روہڑی پولیس اسٹیشن میں درج کر لیا گیا ہے تاہم اس مقدمے میں کسی کو ملزم نامزد نہیں کیا گیا ہے ۔ ریلوے پولیس کا کہنا ہے کہ تحقیقات کے پہلے مرحلے میں ریلوے ملازمین، ریلوے پولیس اور مسافروں کے بیانات لیے جائیں گے جس کی روشنی میں گرفتاریاں کی جائیں گی اور ملزم ایف آئی آر میں نامزد ہونگے۔ ایس پی ریلوے سکھر شفیع محمد مغل نے مقدمہ درج کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہے۔ ایس پی ریلوے سکھر کا کہنا ہے کہ ریلوے حکام کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ کراچی ایکسپریس کے ڈرائیور نے سگنل کی خلاف ورزی کی تھی تاہم حتمی طور پر تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی کچھ کہا جا سکےگا۔ انہوں نے بتایا کے ایک دو روز میں بیانات قلمبند کرنے کا سلسلہ شروع ہوجائے گا۔ ٹرین میں سوار پولیس اہلکاروں کے بیانات لے لیے گئے ہیں۔ فائرمین اور ڈرائیور کے ہلاک ہو جانے کی وجہ سے یہ معلوم کرنے میں دشواری ہوگی کہ سگنل سبز تھا یا سرخ۔ صدر جنرل پرویز مشرف نے حادثے کے مقام کا معائنہ کرنے کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے واقعے کو تخریب کاری نہیں بلکہ انسانی غفلت قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ غفلت برنتے والوں کو سخت سزا ملنی چاہیے۔ وزیرِ داخلہ آفتاب شیر پاؤ نے بھی تخریب کاری کے امکان کو رد کیا ہے کراچی میں بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحقیقات جاری ہیں جس سے مزید معلومات حاصل ہوں گی۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||