صلاح الدین بی بی سی اردو ڈاٹ کام، دلی |  |
 |  یہ جھڑپیں لائن آف کنٹرول کے پاس ہوئیں |
ہندوستان کے زير انتظام کشمیر میں فوج اور انتہا پسندوں کے درمیان جھڑپ میں آٹھ افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ مرنے والوں میں چار فوجی اور چار علیحدگی پسند جنگجو شامل ہیں۔ یہ واقعہ جمعہ کی صبح ضلع پونچھ میں لائن آف کنٹرول کے پاس پیش آیا ہے۔ فوج کے ایک ترجمان کے مطابق پاکستان کی جانب سے جمعرات کی رات کو انتہا پسندوں کا ایک گروپ بھیمبر گلی کے علاقے میں داخل ہوا تھا۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ فوجی جوانوں نے نائٹ ویژن عینک سے انہیں دیکھ لیا اور ان پر گولیاں چلائیں۔ انتہا پسندوں نے بھی جوابی حملہ کیا۔ اسطرح دونوں کے درمیان رات بھرمقابلہ جاری رہا۔ فوجی ترجمان کے مطابق جمعہ کی صبح یہ جھڑ پیں ختم ہوگئیں ہیں لیکن علاقے میں تلاش اب بھی جاری ہے۔ فوج انتہا پسندوں کی شناخت کرنے کی بھی کوشش کر رہی ہے۔ آرمی افسر کے مطابق اس آپریشن میں چار انتہا پسند اور چار فوجی ہلاک اور دو فوجی شدید زخمی ہوئے ہیں۔ |