ریاض سہیل بی بی سی ڈاٹ کام کراچی |  |
 |  بلوچستان میں کئی بار ٹرینوں پر حملے ہو چکے ہیں |
سندھ میں جیکب آباد کے قریب کوئٹہ سے پنجاب جانے والی چلتن ایکسپریس پر راکٹ سے حملہ کیا گیا ہے۔ جس میں پانچ افراد زخمی ہوگئے اور ایک بوگی کو نقصان پہنچا ہے۔ ریلوے پولیس کے مطابق جیکب آباد سے بارہ کلومیٹر دور بلوچستان اور سندھ کی سرحد کے قریب واقع دل مراد ریلوے اسٹیشن پر بدھ کی شب نامعلوم افراد نے لاہور جانے والی چلتن ایکسپریس پر راکٹ داغا۔ ریلوے ذرائع کے مطابق راکٹ انجن کے اوپر سےگزرگیا۔ تاہم ایک بوگی کو معمولی نقصان پہنچنے اور پانچ افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ملی ہیں۔ ریلوے ذرائع نے بتایا ہے کہ ٹرین اس کی وجہ سے ٹرین کو روانگی میں ایک گھنٹے کی تاخیر ہوگئی۔ جیکب آباد سے پولیس کی ایک پارٹی موقع واردات پر پہنچ گئی ہے اور تحقیقات کر رہی ہے۔ سندھ اور بلوچستان کے سرحدی علاقے میں چند ماہ قبل ڈاکوؤں کے مختلف گروہ خاصےسرگرم رہے ہیں۔ جبکہ سبی کے گذشتہ واقعات کے بعد اس نوعیت کا یہ پہلا واقع ہے۔ |