بھارتی وزیر اعظم سے اپیل | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے وزیر اعظم سردار سکندر حیات خان نے ہندوستان کے وزیر اعظم من موہن سنگھ سے اپیل کی ہے کہ وہ امن کے عمل کو کامیاب بنانے کے لئے بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں بند کرانے کے لئے احکامات جاری کریں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ آبادی والے علاقوں سے فوج کو واپس بلایا جائے تا کہ کشمیری عوام کو راحت مل سکے ۔ پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے وزیراعظم سردار سکندر حیات خان نے یہ اپیل جمعہ کی رات کو بھارت کے زیر انتظام کشمیر سے آئے ہوئے رہنماؤں کو اپنی طرف سے دیئے جانے والے عشائیے کے دوران کی۔ لائن آف کنڑول کے دونوں جانب کے کشمیری رہنما بھارتی فوج پر اپنے زیر انتظام کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا الزام عائد کرتے ہیں لیکن ہمیشہ ہی یہ کشمیری رہنما بھارتی حکومت سے انسانی حقوق کی مبینہ خلاف ورزیاں بند کرنے کا مطالبہ کرتے آرہے ہیں لیکن اس بار پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے وزیراعظم نے اپیل جاری کی۔ ۔ انھوں نے کہا کہ بس سروس کے بعد حریت کانفرنس کے رہنماوں کو مظفرآباد آنے کی اجازت دینا بھارت کی طرف سے دوسرا بڑا اقدام ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہم اس بات کا خیر مقدم کرتے ہیں لیکن اس ماحول کو برقرار رکھنے کے لئے بھارت کو کچھ اور اقدامات کرنے ہوں گے بالخصوص انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو بند کرنا ہوں گی ۔ اس موقع پر سکندر حیات نے کہا کہ لائن آف کنڑول کے دونوں اطراف کے کشمیری امن پسند ہیں اور ہم نہیں چاہتے ہیں کہ ہندوستان اور پاکستان آپس میں لڑیں اور ہم یہ بھی نہیں چاہتے ہیں کہ کشمیری تکلیف میں رہیں انھوں نے کہا کے دونوں اطراف کے کشمیریوں کی خواہش ہے کہ ہم مل کر ہندوستان اور پاکستان کا ہاتھ بٹائیں تا کہ مسلہ کشمیر کے آبرومندانہ حل کی طرف یہ بڑھیں ۔ لیکن انھوں نے ساتھ یہ بھی کہا کہ کشمیر پر اقوام متحدہ کی قراردادوں سے ہٹ کر وہی حل دیرپا ہوگا جس میں دونوں طرف کے کشمیریوں کی رائے شامل ہو ۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||