فائرنگ سے دو ایف سی اہلکار زخمی | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
صوبہ بلوچستان کے شہر منگوچر میں نامعلوم افراد نے فرنٹیئر کور کے اہلکاروں پر فائرنگ کی ہے جس سے دونوں اہلکار شدید زخمی ہو گئے ہیں۔ کوئٹہ سے کوئی نوے کلومیٹر دور جنوب میں قلات کے قریب واقع منگوچر کے علاقے میں ایف سی کے دو اہلکار بازار کی طرف جا رہے تھے کہ دو مسلح افراد موٹر سائیکل پر آئے اور ایف سی کے اہلکاروں پر فائرنگ شروع کر دی۔ قلات سے لیویز اہلکار نے بتایا ہے کہ دونوں اہلکاروں کو شدید زخم آئے ہیں جنھیں ابتدائی طبی امداد کے بعد کوئٹہ روانہ کر دیا گیا ہے۔ زخمی ہونے والے اہلکاروں کے نام حوالدار نعمت اللہ اور سپاہی قیصر خان بتائے گئے ہیں۔ ایف سی کے حکام نے بتایا ہے کہ دونوں اہلکار سادہ کپڑوں میں ذاتی کام کے لیے جا رہے تھے کہ ان پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کر دی ہے۔ یاد رہے کچھ روز قبل ادھر تربت شہر کے قریب مند کے علاقے میں نا معلوم افراد نے ایف سی کی دو چوکیوں اور گاڑی پر حملہ کیا تھا جس میں کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی تھی۔ مند میں اس واقعہ کے بعد ایف سے نے حفاظتی اقدامات سخت کر دیے تھے۔ تربت سے بلوچ نیشنل موومنٹ کے لیڈر غلام محمد نے ٹیلیفون پر بتایا ہے کہ مند میں ایف سی ہر طرف راستے بند کر رکھے ہیں اور کئی افراد کو گرفتار کیا ہے۔ ایف سی کے حکام نے اس بارے میں کہا ہے کہ ایف سی کی چوکیوں پر حملے کے حوالے سے تفتیش ہو رہی ہے اس حوالے سے پولیس نے شائد کچھ لوگوں کو پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لیا ہے لیکن تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی ہے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||