عزیزاللہ خان بی بی سی اردو ڈاٹ کام کوئٹہ |  |
 |  گزشتہ دنوں گوانتانامو کے امریکی قید خانےمیں قرآن کی مبینہ بے حرمتی کی خبروں پر افغانستان میں زبردست مظاہرے ہوئے تھے |
افغانستان کے شہر سپین بولدک میں پاکستان کی سرحد کے قریب افغان فورسز کی ایک گاڑی کے بارودی سرنگ سے ٹکرا نے سے پانچ فوجی ہلاک ہو گئے ہیں۔ یہ واقعہ آج پیر کو شام کے وقت پاکستان کی سرحد سے کوئی چار کلومیٹر دور افغانستان کے علاقے کلی سلطان زئی میں پیش آیاہے۔ افغان فوجیوں کی ایک گاڑی معمول کی گشت پر تھی کہ اچانک راستے میں بچھائی گئی بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی ہے جس سے گاڑی مکمل طور پر تباہ ہو گئی ہے اور پانچ فوجی موقع پر ہلاک ہو گئے ہیں۔ یہاں یہ اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں کہ گاڑی کے قریب دھماکہ ہوا ہے لیکن اس کی تصدیق نہیں ہو سکی۔ چمن سے آمدہ اطلاعات کے مطابق افغان فوجیوں نے اس واقعہ کے بعد شدید فائرنگ کی ہے۔ یہ اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں کہ فائرنگ پاکستان کی سرحد کی طرف کی گئی ہے لیکن فرنٹیئر کور کے ترجمان نے کہا ہے کہ افغان فوجیوں نے مشتبہ افراد کے خلاف اپنے علاقے میں ہوائی فائرنگ کی ہے اس کا پاکستان کی سرحد سے کوئی تعلق نہیں ہے اور نہ ہی پاکستان اور افغان فورسز کے مابین کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش آیا ہے۔ |