اسلام آباد: مہنگائی کاایک اور ریکارڈ | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کے شہر اسلام آباد میں سنیچر کے روز ’کیپیٹل ڈیولپمینٹ اتھارٹی، نے کاروباری علاقے ’بلیو ایریا، میں 62ء6 ایکڑ زمین، شاپنگ پلازہ کی تعمیر کے لیے سعودی عرب کی کمپنی کو چھ ارب نو کروڑ روپوں میں نیلام کردی ہے۔ سعودی عرب کے تمیمی گروپ نے ایک لاکھ نوے ہزار ایک سو روپے فی مربع گز کی بولی دے کر کامیابی حاصل کی۔ خریدار کو ڈیڑھ ماہ کے اندر پچیس فیصد رقم ادا کرنی ہوگی جبکہ بقایا رقم تین برسوں میں سہ ماہی اقساط میں ادا کرنی ہوں گی۔ ملک کے وفاقی وفاقی دارالحکومت کے شہر میں ترقیاتی کاموں کے مجاز ادارے ’سی ڈی اے‘ کے ترجمان کے مطابق بولی میں پانچ کمپنیز نے حصہ لیا جس میں کویت کی ’نیشنل ریئل سٹیٹ‘ بھی شامل ہے۔ ستر ہزار روپے فی گز سے بولی شروع ہوئی اور بولی میں دوسرے نمبر پر حسنین کنٹیکس کمپنی رہی جو کامیاب بولی دہندہ سے صرف ایک سو روپے فی گز کم تھی۔ کامیاب بولی دہندہ گروپ کے نائب صدر سردار محمد الیاں خان کا کہنا ہے کہ وہ متعلقہ جگہ پر عالمی نوعیت کا بیس منزلہ ’شاپنگ مال، تعمیر کریں گے۔ جس میں ان کے مطابق ’لگزری اپارٹمینٹس، دکانیں، پلے لینڈ، دفاتر، اور فائیو سٹار ہوٹل بھی تعمیر کریں گے۔اس عمارت کی دو منزلیں پارکنگ کے لیے مخصوص ہوں گی۔ اس زمین کے خریدار کمپنی کے نمائندے نے بتایا کہ ان کے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں ہوٹلوں کی ایک چین ہے اور وہ شیریٹن ہوٹلز سے بھی منسلک ہیں۔ پراپرٹی ڈیلرز کے مطابق اسلام آباد میں جہاں گزشتہ پانچ برسوں میں زمین کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ ہوا ہے وہاں مکانوں، فلیٹس اور ان کے کرایوں میں بھی دوگنا اضافہ ہوا ہے۔ چند روز قبل ’کنوینشن سینٹر، کے قریب اسلام آْباد میں فائیو سٹار ہوٹل کے لیے مختص کی گئی تیرہ ایکڑ زمین چار ارب اٹھاسی کروڑ میں نیلام کی گئی تھی ۔ حکام کا کہنا ہے کہ حالیہ زمینوں کی نیلامی سے ہونے والی آمدن شہر کے مختلف ترقیاتی منصوبوں پر خرچ کی جائے گی۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||