BBCUrdu.com
  • تکنيکي مدد
پاکستان
انڈیا
آس پاس
کھیل
نیٹ سائنس
فن فنکار
ویڈیو، تصاویر
آپ کی آواز
قلم اور کالم
منظرنامہ
ریڈیو
پروگرام
فریکوئنسی
ہمارے پارٹنر
ہندی
فارسی
پشتو
عربی
بنگالی
انگریزی ۔ جنوبی ایشیا
دیگر زبانیں
وقتِ اشاعت: Thursday, 03 March, 2005, 22:24 GMT 03:24 PST
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
لاہور میں مقامی عالمی کتاب میلہ

میلہ
لاہور کے عالمی کتاب میلے کا ایک منظر
لاہور میں پاکستان بُک سیلرز اور پبلشرز نے پانچ روز کے لیے ایک کتاب میلہ لگایا ہے جسے پاکستان کے پہلے عالمی میلہ کا نام دیا گیا ہے لیکن جس میں زیادہ اسٹالز لاہور کے ناشرین نے لگائے ہیں۔چند ناشرین کراچی اور اسلام آباد سے اور پندرہ بیس دلی کے تاجر بھی اس میں شریک ہیں۔

یہ لاہور میں لگایا جانے والا ایسا بین الاقوامی میلہ ہے جس میں اردو بازار لاہور میں درسی کتابوں کے خلاصے بنا کر بیچنے والے ایسے ناشرین بھی اس میں حصہ لے رہے ہیں جن کی مطبوعات پر کئی بار پابندی لگائے جانے کا مطالبہ کیا جاچکا ہے۔ اسلام آباد اور کراچی کے کئی نامور ناشرین اور بڑے سرکاری ناشر ادارے اس نمائش میں کہیں نظر نہیں آتے۔

میلہ کا اہتمام کرنے والوں نے دعوی کیا تھا کہ آج سے فورٹریس اسٹیڈیم لاہور کے ایکسپو سینٹر میں شروع ہونے والے اس میلہ میں ملک بھر سے ایک سو سے زیادہ ناشرین کتب اور دنیا بھر کے ایک سو سے زیادہ ناشرین اپنی کتابیں نمائش کے لیے پیش کریں گے اور خریدنے والوں کو رعایتی نرخوں پر دیں گے۔

تاہم حقیقت یہ ہے کہ اس میلہ میں تقریبا ایک درجن بھارتی ناشرین نے اسٹالز لگائے ہوئے ہیں جہاں وہ کتابیں فروخت ہورہی ہیں جو عام طور سے لاہور میں پہلے سے دستیاب ہیں اور کچھ بھارتی ناشرین جیسے سیج پبلشرز نے لاہور کے پاک بُک کارپوریشن کے ساتھ مل کر ایک چھوٹا سا اسٹال لگایا ہوا ہے۔

بعض بھارتی اسٹالز پر پاکستان کے اردو ادیبوں کی کتابوں کے دلی سے چھپے ہوئے جعلی ایڈشنز جیسے شاہد حمید کا ترجمہ کیا ہوا ناول اینا کریننا فروخت کیے جارہے ہیں۔

منتظمین کا دعوی تھا کہ اس میلہ میں امریکہ، برطانیہ کے ناشرین سمیت دنیا بھر کے سو سے زیادہ ناشرین اپنے اسٹالز لگائیں گے جبکہ نمائش میں لاہور کے کتب فروشوں اور تاجروں نے اپنی وہ کتابیں فروخت کے لیے رکھی ہوئی ہیں جو انہوں نے باہر سے درآمد کی ہوئی ہیں۔

بل
کتاب میلے میں کتابیں کن قیمتوں پر فروخت ہو رہی ہیں

لاہور کے عالمی کتاب میلہ میں حکومتی اداروں کی دلچسپی کا یہ عالم ہے کہ لوک ورثہ اسلام آباد نے لاہور میں اپنے کمیشن ایجنٹ کے ذریعے کچھ کتابیں نمائش میں رکھی ہیں جن میں سے بہت سی کتابیں گوداموں میں پڑے رہنے کی وجہ سے بوسیدگی کی حالت میں نظر آتی ہیں جیسی آر سی ڈی (جسے ختم ہوئے برسوں گزرے) کے تعاون سے چھپنے والی مشہور دانشور اور اسکالر سید حسین نصر کی مسلمان فلسفیوں پر کتاب جس میں ان کا ابن عربی پر معرکہ کا مضمون شامل ہے۔ اکادمی ادبیات، مجلس ترقی ادب اور مقتدرہ کا اسٹال کہیں نطر نہیں آتا۔

سرکاری ادبی اداروں کی کتابوں کا حال دیدنی ہے جن میں سے زیادہ تر نے درسی کتابیں شائع کی ہوئی ہیں اور وہ بھی بہت کم معیار کی طباعت کی حامل ہیں۔ اردو سائنس بورڈ جسے اشفاق احمد نے پروان چڑھایا اورکئی معیاری کتابیں بہت نفاست سے شائع کی تھیں اب اس کی گندے کاغذ پر چھپی کتابیں اشفاق احمد دیکھیں تو ان کی روح تڑپ اٹھے۔

اس بات کی وضاحت منتظمین ہی کرسکتے ہیں کہ چاروں صوبوں کے ٹیکسٹ بک بورڈز کو نمائش میں سب سے آگے اور نمایاں جگہ پر پہلی، دوسری اور تیسری کی نصابی کتابیں نمائش کے لیے پیش کرنے کا کتاب میلہ میں کیا فائدہ ہے۔

لاہور کے اس کتاب میلہ میں صرف سرکاری ادارے نمایاں رعایت پر کتابیں فروخت کررہے ہیں جبکہ مقامی ناشرین دس سے پندرہ فیصد رعایت پر کتابیں بیچ رہے ہیں جو ایسی رعایت ہے جو لاہور میں کوئی بھی کتاب فروش عام طور پر خریداروں کو مہیا کردیتا ہے۔

انڈین کتاب فروش اپنے پاکستانی ڈیلروں سے مل کر تو اپنی کتابوں کی قیمت امریکی ڈالروں میں وصول کررہے ہیں۔ ان بھارتی ناشرین نے کتابوں کی اصل قیمت چھپانے کے لیے ان پر زیادہ قیمت کے اسٹکرز لگائے ہوئے ہیں اور پھر وہ اس قیمت کو بھی بھارتی روپے کی قیمت ظاہر کرتے ہیں جو پاکستان کے روپے سے زیادہ قیمتی ہے۔

یہ بھارتی ناشرین پہلے اپنی کتابوں کی انڈین روپے کی قیمت کو اکتالیس بھارتی روپے فی ڈالر کے حساب سے ڈالر میں تبدیل کرتے ہیں اور پھر ڈالروں کی اس قیمت کو پاکستانی روپوں میں تبدیل کرنے کے لیے ساٹھ روپے فی ڈالر کے مارکٹ

اسٹال
میلے میں زیادہ تر اسٹال لاہور کے ناشرین کے ہیں
ریٹ کے بجائے اکہتر روپے سے ضرب دیتے ہیں اور آخر میں کل بل پر دس فیصد رعایت ظاہر کردیتے ہیں۔ ایسے ایک بل کا نمونہ اس کالم کے ساتھ دیکھا جاسکتا ہے۔

پاکستان میں کتاب پڑھنے والے لوگوں کی تعدا زیادہ نہیں اور جو محدود سا طبقہ کتابیں خریدتا ہے وہ لاہور کے کتب فروشوں کی گراں فروشی سے نالاں رہتا ہے اور حکومت کے تعاون سے لگایا جانے والا یہ نام نہاد بین القوامی کتاب میلہ بھی عام خریدار کو معیاری اور سستی کتابیں فراہم کرنے سے قاصر نظر آتا ہے۔

اسی بارے میں
تازہ ترین خبریں
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
واپس اوپر
Copyright BBC
نیٹ سائنسکھیلآس پاسانڈیاپاکستانصفحہِ اول
منظرنامہقلم اور کالمآپ کی آوازویڈیو، تصاویر
BBC Languages >> | BBC World Service >> | BBC Weather >> | BBC Sport >> | BBC News >>
پرائیویسیہمارے بارے میںہمیں لکھیئےتکنیکی مدد