2 سالہ لڑکی، 40 سالہ منگیتر | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پنجاب کے جنوبی شہر راجن پور میں ایک جرگے نے چچا کے ’جرم‘ کی پاداش میں دو سالہ بھتیجی کی شادی چالیس سالہ مرد سے کرنے کا حکم دیا ہے۔ لڑکی کے چچا محمد اکمل کو کئی ماہ قبل ایک شادی شدہ عورت کے بستر پر بیٹھا دیکھا گیا تھا۔ اب محمد اکمل کی بھتیجی کی اس عورت کے خاوند سے شادی کا حکم دیا گیا ہے۔
پہلے تو جرگے کے فیصلے کے مطابق اس خاتون کے شوہر الطاف نے اسے طلاق دیدی تھی۔ مقامی پولیس کے مطابق عدت پوری ہونے کے بعد اس خاتون نے دوسری شادی کر لی جس پر اس کے شوہر نے دوبارہ اس مقدمہ کو جرگے میں پیش کر دیا۔ محمد اکمل اس کے بھائی مجاہد اور اس کے دوسرے رشتہ دار جرگے میں پیش ہوئے جس میں یہ فیصلہ سنایا گیا کہ محمد اکمل دو لاکھ تیس ہزار روپے ہرجانہ ادا کرے گا اور اس کے بھائی مجاہد کی دو سالہ بچی کی شادی چالیس سالہ الطاف سے کی جائے گی۔ راجن پور کے ضلعی پولیس افسر مقصودالحسن نے بی بی سی کو بتایا کہ انہوں نے اس معاملے کی تحقیقات کرائی ہیں جن کے مطابق وعدہ تو ہوا ہے لیکن بچی کی شادی اس کے بالغ ہونے کے بعد کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے کا کوئی شکایت گزار سامنے نہیں آیا ہے اور بالغ ہونے پر شادی کیے جانے کا فیصلہ قابل دست اندازی پولیس نہیں ہے اس لیے پولیس فی الحال اس پر کوئی کارروائی کرنے سے قاصر ہے۔ ایک مقامی اخبار کے نامہ نگار عبدالخالق شاکر نے بتایا کہ محمد اکمل کے لواحقین نے ایک لاکھ روپے کی ادائیگی کر دی ہے اور باقی ایک لاکھ تیس ہزار روپے کی ادائیگی باقی ہے ۔ انہوں نے بتایاکہ بچی کے ماموں اختراللہ خاں اور نصراللہ خاں بھی اس جرگے میں موجود تھے اور انہوں نے اس فیصلے پر احتجاج کیا اور مقامی اخبارات کےنمائندوں کو اس فیصلے کی اطلاع دی تھی۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||