رقص سی ڈیز کی مقبولیت | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان میں رقاصاؤں کے مجروں اور رقص پر مبنی دس سی ڈیز بازار میں لائی گئی ہیں جن میں نورجہاں، نصیبو لعل اور عذرا جہاں جیسی گلوکاروں کے گائے ہوئے گانوں پر پیشہ ور رقاصاؤں نے رقص کیا ہے۔ ان سی ڈیز میں اکثر گانوں کے بول ذومعنی ہیں اور ان میں جنسی اشارے بھی شامل ہیں۔ بعض رقاصائیں جینز اور چولی پہن کر رقص کرتی ہوئی دکھائی گئی ہیں۔ اس وقت لاہور کی ہال روڈ کی الیکٹرانک مارکیٹ میں پچاس کے قریب مقامی رقاصاؤں کے گانوں اور مجروں پر مبنی سی ڈیز دستیاب ہیں جن میں سے ہر سی ڈی میں دس سے بارہ گانے شامل ہیں۔ حالیہ چند برسوں میں جب سے کیبل نظام شروع ہوا پاکستان میں رقص پر مبنی سی ڈیز نے بھی مقبولیت حاصل کرنا شروع کی اور دیدار، نرگس، میگھا اور صائمہ خان جیسی رقاصاؤں نے شہرت حاصل کرنا شروع کی۔ ان رقاصاؤں کے مجرے نما رقص اتنے مقبول ہوئے کہ لاہور کے ان ایک درجن کے قریب تھیٹروں میں جہاں جگت بازی پر مبنی کھیل پیش کیےجاتے تھے مجروں کی بھرمار ہوگئی اور لاہور کی شہری انتظامیہ نے ان رقصوں پر فحش ہونے کا الزام عائد کرتے ہوئے کئی بار تھیٹر ہال بند کیے اور ان رقاصاؤں پر پابندی لگائی لیکن ان کے کاروبار اور مقبولیت میں روزافزوں اضافہ ہوتا گیا۔ تھیٹروں میں رقص کی تماشائیوں میں مقبولیت اور ان کے سی ڈیز پر آجانے سے سینما گھروں اور فلمی صنعت کو بھی نقصان اٹھانا پڑا کیونکہ اکثر پنجابی فلمیں اس قسم کے رقص کی وجہ سے ہی دیکھی جاتی تھیں جو اب بغیر پیسے خرچ کیے کیبل پر دیکھے جاسکتے ہیں۔ حال ہی میں گوجرانوالہ میں رقاصہ صائمہ خان پر تھیٹر میں کام کرنے پر پابندی لگائی گئی اور ان پر ایک فحش سی ڈی بنوانے کا الزام عائد کیا گیا۔ اس سلسلے میں اداکارہ کا موقف تھا کہ ایک پروڈیوسر نے دھوکہ سے اس کی سی ڈی بنائی اور اسے بلیک میل کرنے کے لیے اسے جاری کردیا۔تاہم سی ڈی دیکھنے سے اندازہ ہوتا ہے کہ اداکارہ نے کپڑے بدل بدل کر اور خاصے جوش سے یہ رقص ریکارڈ کروائے ہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ عریانی کے الزامات کچھ بھی ہوں یہ رقاصائیں کم آمدن والے ایک بڑے طبقہ کی تفریح کا سامان مہیا کررہی ہیں۔ گو گانوں کے بول بعض اوقات ذومعنی اور فحش ہوتے ہیں لیکن ان میں جتنی عریانی ہے وہ ہندی اور انگریزی فلموں کےمعیار سے کہیں کم ہے۔ |
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||