BBCUrdu.com
  • تکنيکي مدد
پاکستان
انڈیا
آس پاس
کھیل
نیٹ سائنس
فن فنکار
ویڈیو، تصاویر
آپ کی آواز
قلم اور کالم
منظرنامہ
ریڈیو
پروگرام
فریکوئنسی
ہمارے پارٹنر
ہندی
فارسی
پشتو
عربی
بنگالی
انگریزی ۔ جنوبی ایشیا
دیگر زبانیں
وقتِ اشاعت: Tuesday, 15 February, 2005, 12:29 GMT 17:29 PST
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
کشمیر بس سروس: تھوڑا اور انتظار

مسعود خان
دفتر خارجہ کے ترجمان مسعود خان
پاکستان کے دفتر خارجہ کے ترجمان مسعود خان نے کہا ہے کہ بھارت کے ساتھ مختلف معاملات پر بات ہو رہی ہے اور سرینگر سے مظفرآباد تک بس سروس شروع کرنے کے متعلق بریک تھرو ہوتا ہے یا نہیں اس کے لیے تھوڑا انتظار کرنا ہوگا۔

ہفتہ وار بریفنگ کے دوران مختلف سوالات کے جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت کے وزیر خارجہ نٹور سنگھ پاکستان پہنچ رہے ہیں اور بدھ کو وہ صدر جنرل پرویز مشرف، وزیراعظم شوکت عزیز اور وزیرخارجہ خورشید محمود قصوری سے ملاقات کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا موقف واضح ہے کہ پاسپورٹ اور ویزا کی بنیاد پر سرینگر سے مظفرآباد تک بس سروس شروع نہیں کی جا سکتی۔ ان کے مطابق دیکھنا یہ ہے کہ بھارت اپنے موقف میں کس حد تک لچک پیدا کرتا ہے۔

مسعود خان نے کہا کہ مہمان وزیر خارجہ کے اس دورے میں جامع مذاکرات کے مستقبل کی سمت کا تعین ہوگا، اپریل سے شروع ہونے والے نئے دور پر غور ہوگا اور گیس پائپ لائن پر بھی بات ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی کابینہ گیس پائپ لائن پر ’گرین سگنل‘ دے چکی ہے جو اچھی بات ہے۔

ممبئی اور کراچی میں قونصلیٹ کھولنے کے متعلق ترجمان نے کہا کہ اگر بھارت جناح ہاؤس پاکستان کو آج دے دے تو کل پاکستان اپنا قونصل خانہ کھول دے گا۔ بصورت دیگر پاکستان کو نئی جگہ حاصل کرنی ہوگی جس کی تلاش جاری ہے اور اس موضوع پر بھی دونوں وزراء خارجہ بات کریں گے۔

امریکی خفیہ ایجنسی’سی آئی اے‘ کی ایک رپورٹ کے بارے میں سوال پر کہ جس میں پاکستان کے جوہری پروگرام کے متعلق غیر محفوظ ہونے کی بات کی گئی ہے، پاکستان کے دفتر خارجہ کے ترجمان مسعود خان نے کہا کہ یہ رپورٹ غلط اور غیر ذمہ دارانہ ہے، جس سے وہ اتفاق نہیں کرتے۔ ان کے مطابق ذمہ دار اداروں کو ایسا نہیں کرنا چاہیے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ پاکستان کا جوہری پروگرام اور املاک مکمل طور پر ہر لحاظ سے محفوظ ہیں اور حکومت نے اس ضمن میں تمام ضروری اقدامات کر رکھے ہیں۔

سنہ دو ہزار پندرہ میں پاکستان میں خانہ جنگی ہونے اور پاکستان کے بطور ریاست ناکام ہو جانے کے متعلق امریکی انٹیلی جنس ایجنسیوں کی رپورٹ کے متعلق سوال پر مسعود خان نے کہا کہ یہ رپورٹ انتہائی قیاس آرائی پر مبنی ہے اور جہاں تک انہیں علم ہے اس رپورٹ میں پاکستان کے لیے ’ناکام ریاست‘ کے الفاظ نہیں ہیں۔

اسی بارے میں
تازہ ترین خبریں
یہ صفحہ دوست کو ای میل کیجیئےپرِنٹ کریں
واپس اوپر
Copyright BBC
نیٹ سائنسکھیلآس پاسانڈیاپاکستانصفحہِ اول
منظرنامہقلم اور کالمآپ کی آوازویڈیو، تصاویر
BBC Languages >> | BBC World Service >> | BBC Weather >> | BBC Sport >> | BBC News >>
پرائیویسیہمارے بارے میںہمیں لکھیئےتکنیکی مدد