پاکستان میں 182 بھارتی قید | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کی جیلوں میں اس وقت ایک سو بیاسی بھارتی قید ہیں جن میں سے صرف اب تک 50 کو بھارتی سفارتخانے تک رسائی حاصل کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔ یہ اعداد و شمار وفاقی وزیر داخلہ آفتاب شیرپاؤ نے بدھ کو سینیٹ کے اجلاس میں وقفۂ سوالات میں تحریری طور پر بتائے۔ یہ اعداد و شمار ایک انگریزی روزنامے میں بھارتی قیدیوں کے متعلق ایک رپورٹ چھپنے کے بعد دیے گئے ہیں۔ روزنامے نے اپنی رپورٹ میں لکھا تھا کہ بھارتی شہری برسوں سے پاکستانی جیلوں میں بند ہیں اور ان میں سے بیشتر کو کبھی بھی عدالت میں پیش نہیں کیا گیا۔ ان میں سے کچھ قیدی اپنی یاداشت تک کھو بیٹھے ہیں۔ ان اعداد و شمار میں بھارتی شہریوں کے نام اور ولدیت تو دی گئی ہے مگر یہ نہیں بتایا گیا کہ ان کو کب اور کس جرم میں پکڑا گیا ہے۔ وزیر داخلہ کے مطابق بھارت میں تقریبا 400 پاکستانی شہری بھی قید ہیں۔ دونوں ممالک کے یہ قیدی ان سینکڑوں ماہی گیروں کے علاوہ ہیں جنہیں گزشتہ برس سمندری حدود کی خلاف ورزی کرنے پر گرفتار کیا گیا تھا۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||