انضمام الحق ون ڈے سیریز سے بھی باہر؟ | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان انضمام الحق کی کمر میں تکلیف کے باعث ان کی سہ فریقی ایک روزہ سیریز میں شرکت مشکوک ہو گئی ہے۔ ایک روزہ سہ فریقی ٹورنامنٹ کا آغاز چودہ جنوری کو آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز کے درمیان مقابلے سے ہورہا ہے۔ پاکستانی ٹیم اپنا پہلا میچ سولہ جنوری کو ہوبارٹ میں آسٹریلیا کے خلاف کھیلےگی۔ انضمام الحق نے کہا ہے کہ وہ ایک روزہ سیریز کھیلنے یا نہ کھیلنے کا حتمی فیصلہ آخری لمحات میں کرینگے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ علاج سے مطمئن ہیں لیکن وہ کوئی خطرہ مول لینے کے لئے تیار نہیں کیونکہ ان کی نظریں بھارت کے دورے پر ہیں جو آئندہ ماہ شروع ہوگا جس میں پاکستانی ٹیم تین ٹیسٹ اور پانچ ایک روزہ میچ کھیلے گی۔ انضمام الحق کمر کی تکلیف کے سبب آسٹریلیا کے خلاف صرف پہلا ٹیسٹ کھیل سکے تھے جس میں وہ صفر اور ایک ہی رن بناسکے تھے۔اس کے بعد دونوں ٹیسٹ میچوں میں یوسف یوحنا نے ٹیم کی قیادت کی تھی۔ انضمام الحق کا کہنا ہے کہ ان کا علاج بہتر طور پر جاری ہے لیکن جہاں تک کھیلنے کا تعلق ہے یہ فیصلہ کرنے میں انہیں وقت لگے گا۔ انضمام الحق کو اپنی کپتانی پر زبردست تنقید کا بھی سامنا ہے خاص کر سابق کپتان عمران خان کے بیان سے وہ بہت پریشان ہوئے ہیں جس میں انہوں نے کہا ہے کہ انضمام الحق کو سینئرکھلاڑی ہوتے ہوئے میلبرن اور سڈنی کے ٹیسٹ میں کھیلنا چاہیے تھا۔ انضمام الحق کہتے ہیں کہ وہ عمران خان کا بے حد احترام کرتے ہیں لیکن کاش ان کی نظریں ان کی میڈیکل رپورٹس پر سے گزرجاتیں۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||