زرداری دبئی چلے گئے | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق وزیر اعظم بینظیر بھٹو کے شوہر آصف علی زرداری جمعرات کی رات دبئی کے لئے روانہ ہو گئے ہیں جہاں وہ اپنی اہلیہ سے آٹھ برس کی اسیری کے بعد ملیں گے۔ زرداری کے ترجمان نے ان کے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ وہ امارات کی فلائٹ EK 603 سے اپنی چھوٹی بیٹی آصفہ کے ہمراہ دوبئی روانہ ہوئے ہیں۔ زرداری کے بچے بختاوراور بلاول جو پچھلے چند روز سے اپنے والد سے ملنے آئے ہوئے تھے جمعرات کی صبح ہی دبئی کے لئے روانہ ہو گئے تھے۔ زرداری کو منگل کے روز وزارت داخلہ کی ہدایت پر نیا پاسپورٹ جاری کیا گیا تھا اور ان کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نکال کر انھیں بیرون ملک جانے کی اجازت دے دی گئی تھی۔ زرداری کو اس سال نومبر میں سپریم کورٹ سے بی ایم ڈبلیو کیس میں ضمانت کے بعد رہا کیا گیا تھا۔ انسداد دہشت گردی کی عدالت نے جسٹس نظام قتل کیس میں اکیس دسمبر کو زرداری کی ضمانت منسوخ کر دی تھی جس کے بعد انھیں کراچی سے اسلام آباد پہنچنے پر گرفتار کیا گیا تھا۔ مگر اگلے ہی روز سندھ ہائی کورٹ نے ان کی ضمانت بحال کر کے ان کی رہائی کا حکم دیا تھا۔ زرداری کی بیرون ملک روانگی کو سیاسی حلقے حکومت اور پیپلز پارٹی کے درمیان کسی قسم کی سیاسی مفاہمت کا نتیجہ قرار دے رہے ہیں۔ کچھ حلقوں کا یہ بھی کہنا ہے کہ زرداری شائد مستقبل قریب میں واپس نہ آئیں۔ تاہم زرداری کا کہنا ہے کہ دبئی میں مختصر قیام کے بعد وطن واپس آئیں گے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||