پنجاب: زرداری پر کوئی پابندی نہیں | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
وزیر اعلی پنجاب چودھری پرویز الہی نے کہا ہے کہ آصف علی زرداری کے پنجاب آنے پر کوئی پابندی نہیں ہے لیکن کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ آصف علی زرداری کی گرفتاری کوئی سیاسی یا انتظامی فیصلہ نہیں تھا بلکہ صوبائی حکومت عدالت کے فیصلے کے تحت ان کی گرفتاری کی پابند تھی۔ وزیر اعلی پنجاب نے آج اپنے دفتر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آصف علی زرداری کی ضمانت عدالت کا فیصلہ تھا جس پر عملدرآمد کرانا صوبائی حکومت کی ذمہ داری تھی۔اس لیے آصف علی زرداری کو راولپنڈی سے باعزت طریقے سے واپس کراچی بھیج دیا گیا۔ انہوں نے کہا پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف قاسم ضیا نے آصف علی زرداری کے استقبالی جلوس کے لیے ان سے اجازت مانگی تھی لیکن انہوں نے نہیں دی تھی اور کہا تھا کہ پورے پنجاب میں دفعہ ایک سو چوالیس نافذ ہے۔وزیر اعلی نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے جلوس نکال کر قانون ہاتھ میں لیا تھا اس لیے انہیں گرفتار کیا گیا۔ وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے عدالتی فیصلے کو خواہ مخواہ سیاسی رنگ دینے کی کوشش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا وطیرہ ہے کہ جب عدالت ان کے حق میں فیصلہ دے تو ان کے نزدیک عدالت ٹھیک ہوتی ہے اور اگر عدالت ان کے خلاف فیصلہ کر دے تو پھر پیپلز پارٹی والے عدالت کے خلاف بیان دینا شروع کر دیتے ہیں ۔ چودھری پرویز الہی نے کہا کہ کل تک عدالت خراب تھی آج پیپلز پارٹی کے لوگ کہتے ہیں کہ عدالت ٹھیک ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج پیپلز پارٹی نے آصف علی زرداری کی گرفتاری کے خلاف ملک گیر ہڑتال کی کال دی تھی لیکن پنجاب میں کسی نے ان کی ہڑتال پر کان نہیں دھرا۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ مجلس عمل کو پنجاب میں تین جلسوں کی اجازت دی گئی ہے ۔دوسروں کو بھی جلسہ کرنے کی اجازت مل سکتی ہے لیکن جلوس نکالنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی کیونکہ اس سے عوام کو تکلیف ہوتی ہے۔ وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ آصف زرداری جب چاہیں پنجاب آئیں لیکن (جلوس نکالنے سمیت دیگرمعاملات میں ) کسی قانون شکنی کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری کی گرفتاری کے واقعے سے قومی مفاہمت کے جاری سلسلے کو کوئی فرق نہیں پڑے گا اور وہ اب بھی کھلے دل سے قومی ایشوز پر بات کرنے کو تیار ہیں |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||