نیب: تقریباً ڈھائی ارب روپے برآمد کیے | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پارلیمانی امور کے وزیر ڈاکٹر شیر افگن خان نیازی نے جمعرات کے روز سینیٹ کو بتایا کہ قومی احتساب بیورو نے سیاستدانوں کے مقابلے میں سویلین اور فوجی افسران سے بدعنوانی کے ذریعے لوٹی ہوئی رقوم زیادہ وصول کی ہے۔ اس پر ایوان میں حزب مخالف کے اراکین نے شیم شیم کے نعرے لگائے اور کہا کہ اس سے ثابت ہوگیا کہ سول اور فوجی افسران سیاست دانوں سے زیادہ بدعنوان ہیں۔ وقفہ سوالات کے دوران حزب مخالف کے سینیٹر ثناء اللہ بلوچ کے سوال کے جواب میں حکومت نے ایوان کو بتایا کہ تاحال سیاستدانوں، سول اور فوجی افسران کی لوٹی ہوئی رقوم میں سے دو ارب چھتیس کروڑ تینتیس لاکھ بیاسی ہزار روپے وصول کیے گئے ہیں۔ وزیر نے ضمنی سوالات کے جواب میں کہا کہ فوج سمیت کوئی بھی احتساب سے بالاتر نہیں ہے اور جس نے بھی کرپشن کی، احتساب بیورو نے اس کے خلاف کارروائی کی۔ ان کے مطابق سابق نیول چیف سمیت بدعنوانی کے مرتکب فوجیوں سے بھی رقوم واپس لی گئی ہیں۔ انہوں نے ایوان کو بتایا کہ ’نیب‘ نے اب تک بیوروکریٹس سے ایک ارب سینتالیس کروڑ ساڑھے اڑتالیس لاکھ روپے اور فوجی حکام سے پینتالیس کروڑ سڑسٹھ لاکھ اٹھائیس ہزار روپے وصول کیے ہیں جبکہ سیاستدانوں سے تنتالیس کروڑ اٹھارہ لاکھ بارہ ہزار روپے کی لوٹی ہوئی رقوم واپس لی گئی ہیں۔ وزیر کے مطابق احتساب عدالتوں کی جانب سے عائد کردہ جرمانے کی رقوم کی وصولی مندرجہ بالا رقوم میں شامل نہیں ہے کیونکہ ’نیب، جرمانے کی رقوم وصول ہی نہیں کرتا۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||