وانا فائرنگ: 3ہلاک 3 زخمی | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
وانا میں سکاؤٹ فورس کے اہلکاروں نے سواریوں سے بھری ایک فلائنگ کوچ پر فائرنگ کر کے تین افراد کو ہلاک اور تین کو شدید زخمی کر دیا ہے۔ یہ واقعہ بدھ کو مقامی وقت کے مطابق دوپہر تقریباً گیارہ بجے پیش آیا جب کوچ اعظم ورسک سے وانا بازار کی طرف جا رہی تھی۔ واقعہ میں زخمی ہونے والے ایک شخص کا کہنا ہے کہ اعظم ورسک اور وانا کے درمیان قائم ایک چیک پوسٹ پر جب فلائنگ کوچ کو روکا گیا تو عثمان نامی لڑکے کی سکاؤٹ فورس کے اہلکاروں سے کسی بات پر تکرار شروع ہو گئی۔ اس موقع پر سکاؤٹ فورس نے عثمان کو کوچ سے نیچے اتار دیا جس کے فوراً بعد ہاتھا پائی شروع ہو گئی جس کے بعد ناکہ پر موجود ایک سپاہی نے فائرنگ کر دی اور نتیجتاً عثمان سمیت تین افراد ہلاک اور تین شدید زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو وانا ہیڈ کوارٹرز ہسپتال پہنچا دیا گیا ہے۔ زخمی ہونے والوں میں ایک ڈسپنسر اور ایک طبی اہلکار شامل ہیں۔ ’ پشاور سے ہمارے نمائندے ہاروں رشید کی اطلاع کے مطابق پاکستانی فوجی حکام کا کہنا ہے کہ جنوبی وزیرستان میں اعظم ورسک کے علاقے میں ایک جھڑپ میں تین مشتبہ شدت پسند ہلاک جبکہ تین زخمی ہوئے ہیں صدر مقام وانا سے تقریبا بارہ کلومیٹر مغرب میں افغان سرحد کے قریب یہ جھڑپ سیکورٹی فورسز کی ایک چیک پوسٹ پر آج صبح ہوئی تھی۔ پاکستان فوج کے ایک ترجمان کے مطابق ایک مسافر گاڑی میں سوار مشتبہ شدت پسندوں نے نیم فوجی ملیشیا فرنٹیر کور کے اہلکاروں پر پہلے گولی چلائی جس کے جواب میں فائرنگ سے تین مشتبہ شدت پسند ہلاک جبکہ تین زخمی ہوئے ہیں۔ البتہ عینی شاہدین کے مطابق سپاہیوں نے گاڑی کو تلاشی کی غرض سے روکا اور ایک مسافر سے کسی بات پر تقرار کے بعد سپاہیوں نے گولی چلا دی۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||