انٹرنیٹ: اغوا و قتل، دو بار عمر قید | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
انسداد دہشت گردی کی ایک عدالت نے منگل کو دو افراد کو انٹرنیٹ پر ایک نوجوان لڑکے کوایک لڑکی کے ذریعے پھنسا کر تاوان کے لئے اغوا کرنے اور بعد میں اسے ہلاک کرنے کے الزام میں دو مرتبہ عمر قید کی سزا سنائی ہے۔ خرم مشتاق اور اطہر محمود پر الزام تھا کہ انہوں نے ایک لڑکی شبانہ کے ذریعے، جو اس کیس میں مفرور ہے، بیس سالہ راغب حسین کو پھنسا کر اس سال پہلی اپریل کو ڈیٹ پر بلایا اور پھر اغوا کر لیا۔ اس کے بعد ملزمان نے راغب کے گھر ٹیلی فون کر کے دس لاکھ روپے تاوان کا مطالبہ کیا۔ اسی دوران ایک اور مفرور ملزم آصف نے راغب کے سینے میں نشہ آور انجکشن لگا دیا جس سے راغب کی حالت خراب ہو گئی اور وہ بے ہوش ہو گیا۔ ملزمان راغب کو خراب حالت میں کراچی کے علاقے گلستان جوہر کے ایک شاپنگ سینٹر سنگاپور ٹاور کے سامنے پھینک گئے۔ ملزمان نے اس کے بعد فون کر کے راغب کی والدہ سے کہا کہ وہ راغب کو گلستان جوہر سے اٹھا لیں۔ راغب دو ہفتے زیر علاج رہنے کے بعد چل بسا۔ تاہم راغب نے مرنے سے پہلے پولیس کو بیان دیا تھا کہ اسے اس کے دوست شیراز اور دوسرے افراد نے پھنسا کر اغوا کیا تھا۔ انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج ارشد نور خان نے اپنے فیصلے میں ملزمان کو اغوا برائے تاوان اور قتل کے جرم میں الگ الگ عمر قید کی سزا سنائی ہے۔ اس کیس میں تین ملزمان شبانہ، آصف اور شیراز ابھی تک مفرور ہیں۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||