صدر مشرف امریکہ پہنچ گئے | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کے صدر جنرل پرویز مشرف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیےاتوار کوچھ روزہ دورے پر امریکہ پہنچ گئے ہیں۔ بی بی سی اردو سروس کے شاہ زیب جیلانی نے نیویارک سے بتایا ہے کہ صدر پاکستان جنرل پرویز مشرف کی امریکہ کے صدر جارج بش سے ملاقات کی تاریخ ابھی طے نہیں کی گئی ہے البتہ توقع کی جا رہی ہے کہ یہ ملاقات جمعرات کو ہو گی۔ صدر جنرل پرویز مشرف بائیس ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے۔ اس کے بعد صدر جنرل پرویز مشرف نیویارک سے واشنگٹن ڈی سی جائیں گے جہاں وہ پانچ سے چھ گھنٹے گزاریں گے جس دوران وہ دیگر اعلیٰ حکام سے بھی ملاقات کریں گے۔ شاہ زیب جیلانی نے بتایا ہے کہ صدر پاکستان جنرل پرویز مشرف بھارتی وزیراعظم من موہن سنگھ سے بھی ملاقات کریں گے۔ انہوں نے اقوام متحدہ کے لیے پاکستان مشن کے پریس اتاشی منصور سہیل کے حوالے سے بتایا ہے کہ قوی امکان یہی ہے کہ دونوں سربراہان چوبیس ستمبر کو ملاقات کریں گے جس میں مسئلہ کشمیر اور دیگر امور کے علاوہ دہشت گردی کے خلاف عالمی جنگ بھی زیر بحث آئے گی۔ شاہ زیب کے مطابق نیویارک میں پاکستانی سفارت خانہ نے پاک بھارت سربراہان کی ملاقات پر کوئی رسمی بیان جاری نہیں کیا ہے۔ لیکن صدر جنرل مشرف اور وزیراعظم من موہن کی پہلی بالمشافہ ملاقات کے اعتبار سے دونوں ممالک کے عوام کی نگاہیں یقیناً اس ملاقات پر رہیں گی۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||