ملتان: 2 رینجرز اہلکارہلاک 5زخمی | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستانی پنجاب کے ضِلع راجن پور کے قبائلی علاقہ میں نامعلوم افراد کی طرف سے حملہ کے نتیجہ میں رینجرز کے دو اہلکار ہلاک جبکہ پانچ زخمی ہوئے ہیں۔ پیرامِلٹری فورس رینجرز پر یہ حملہ راجن پور کی تحصیل روجھان میں پنجاب اور بلوچستان کی سرحدی پٹی پر واقع قبائلی گاؤں بندووالہ میں جمعرات کو کیاگیا ۔ سرکاری حُکام کا کہنا ہے کہ رینجرز کے اہلکار بین الاصوبائی سرحد کے ساتھ اپنی زیرتعمیر چیک پوسٹ پر پہرہ دے رہے تھے جب قریب ہی واقع بلوچستان کے ضِلع ڈیرہ بگٹی کے علاقہ شوّال کی طرف سے گولیاں اور راکٹ برسنا شروع ہوگئے۔ حملہ اتِنا اچانک اور شدید تھا کہ رینجرز کے اہلکاروں کو سنبھلنے کا موقع ہی نہ ملا ۔ سپاہی امجد اور نعیم رزاق زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی دم توڑ گئے جب کہ پانچ دوسرے اہلکاروں کو شدید زخمی حالت میں راجن پور کے ضِلعی ہیڈ کوارٹرہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے ۔ رینجرز کے زخمی اہلکاروں کے نام احمد یار ، بوٹا ، جاوید ، عرفان اور یونس معلوم ہوئے ہیں ۔ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران راجن پور کے قبائلی علاقہ میں رینجرز کے اہلکاروں پر حملے کا یہ پانچواں واقعہ ہے ۔ چند روز قبل بھی بلوچستان کے ملحقہ علاقوں سے ہونے والی فائرنگ کے نتیجے میں رینجرز کا ایک اہلکار ہلاک ہوا تھا ۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||