گجرات میں دھماکے سے پانچ ہلاک | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
صوبہ پنجاب کے شہر گجرات میں آتش بازی کا سامان زور دار دھماکے سے پھٹ گیا جس سے ایک ہی خاندان کے پانچ افراد جاں بحق اور چھ زخمی ہوگئے۔ یہ حادثہ گجرات کے نواحی شہر جلالپور جٹاں کے محلہ کشمیر نگر میں پیش آیا۔ تھانہ جلالپور جٹاں کے ڈیوٹی افسر نے بتایا کہ ایک شخص محمد خان نے اپنے گھر میں آتش بازی کا سامان بنانے کا چھوٹا سا کارخانہ لگا کر رکھا تھا۔ سنیچر اور اتوار کی درمیانی شب تقریباً ڈھائی بجے آتش بازی کا سامان ایک زور دار دھماکے سے پھٹ گیا جس سے مکان کے ایک کمرے کی چھت گرگئی اور گھر میں آگ لگ گئی۔ فائر بریگیڈ نے ایک گھنٹے کی کوشش کے بعد آگ پر قابو پایا۔ اس دوران محمد خان کی بیوی بشیراں بی بی، ان کا بیٹا افضال، دو کمسن پوتے سلمان اور محسن اور ایک بھتیجا ماجد ہلاک ہوگئے جبکہ محمد خان سمیت اس خاندان کے چھ افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو مقامی ہسپتال پہنچا دیا گیا ہے۔ ایک پولیس افسر نے بتایا کہ اگر حادثے کا شکار ہونے والا گھر ایک کم آباد علاقے میں نہ ہوتا تو تباہی اور ہلاکت زیادہ ہو سکتی تھی۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||