بلوچستان: نوشکی میں بم دھماکہ | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
بلوچستان کے شہر نوشکی میں چاغی ملیشیا کے گیٹ کے باہر بم دھماکے اور فائرنگ سے چار اہلکار زخمی ہوئے ہیں جبکہ خضدار میں تین دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔ چاغی سے مقامی انتظامیہ کے افسر نے بتایا ہے کہ نا معلوم افراد نے پہلے دستی بم پھینکا ہے اور ساتھ فائرنگ کی ہے جس سے کم سے کم چار اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔ فرنٹیئر کور یعنی نیم فوجی دستے کے کوئٹہ میں ترجمان نے بتایا ہے کہ ان اہلکاروں کو معمولی زخم آئے ہیں اور طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ نا معلوم حملہ آوروں کی تلاش کا کام جاری ہے۔ ادھر خضدار سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق شہر میں تین دھماکے ہوئے ہیں۔ پولیس اہلکار عبدالمجید نے بتایا ہے کہ ایک دھماکہ سکول کے قریب ہوا ہے لیکن تا حال یہ معلوم نہیں ہے کہ دھماکہ کس چیز سے ہوا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نامعلوم افراد نے تین راکٹ فائر کیے ہیں جبکہ یہ اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں کہ یہ بم دھماکے تھے۔ پولیس اہلکار نے بتایا ہے کہ گشتی ٹیمیں ان مقامات کی طرف روانہ ہوئی ہیں جہاں سے دھماکوں کی آوازیں آئی ہیں۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ اس ماہ سوئی میں نا معلوم افراد نے نیم فوجی دستے کی ایک گاڑی پر حملہ کر دیا تھا جس میں چار اہلکار ہلا ک ہوگئے تھے اور پانچ زخمی ہوئے تھے۔ اس کے علاوہ گزشتہ ماہ خضدار میں نا معلوم افراد نے ایک گاڑی پر حملہ کر دیا تھا جس میں چھ فوجی ہلاک ہو گئے تھے۔ یاد رہے آج بلوچستان میں قوم پرست جماعتوں کی اپیل پر شٹر ڈاؤن ہڑتال کی گئی تھی دکانیں اور کاروباری مراکز بند رہے تھے۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||