عدنان عادل بی بی سی اردو ڈاٹ کام، لاہور |  |
پنجاب کے ضلع خانیوال میں جہانیاں قصبہ کے پاس ایک گاؤں میں تیزاب پھینکنے سے تین لڑکیاں زخمی ہوگئیں۔ یہ واقعہ جہانیاں کے ایک گاؤں 113/R میں ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب پیش آیا جہاں مٹھائی فروش محمد انور کے گھر کی دیوار پر چڑھ کر کسی شخص نے اس کی سوئی ہوئی بیٹیوں پر تیزاب پھینک دیا جس سے اس کے مطابق اس کی تین بیٹیاں زخمی ہوگئیں۔ جہانیاں پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او کے مطابق مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور تیزاب بیچنے والے محمد اسلم اور ملزم بلال کو ڈھونڈنے کے لیے چھاپے مار رہی ہے۔ ایس ایچ او کا کہنا تھا کہ تیزاب گرنے سے صرف ایک لڑکی متاثر ہوئی ہے۔ لڑکیوں کے والد کا کہنا ہے کہ اس نے گاؤں کے ایک لڑکے بلال احمد کو لڑکیوں کے چھیڑنے پر ڈانٹا تھا جس پر اس نے ان پر تیزاب پھینکا اور تیزاب بیچنے والے نے اسے بتایا ہے کہ بلال نے اس سے تیزاب خریدا تھا۔ |