 |  بلوچستان میں امن وامان کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر وہاں بڑا آپریشن متوقع ہے |
بلوچستان کے گورنر اویس احمد غنی نے صوبے کے بعض علاقوں میں متوقع فوجی آپریشن سے قبل جمعہ کو ڈیرہ بگٹی میں بلوچ قبائلی رہنما اور جمہوری وطن پارٹی کے سربراہ نواب محمد اکبر خان بگٹی سے ملاقات کی ہے۔ خیال کیا جا رہا ہے کہ بلوچستان کے بعض علاقوں میں متوقع فوجی آپریشن سے قبل حکومت سیاسی رہنماؤں اور قبائلی عمائدین کو اعتماد میں لینے کے لیے کوشاں ہے اور یہ ملاقات اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ ملاقات میں صوبائی گورنر نے نواب بگٹی کو یقین دہانی کرائی ہے کہ مرکزی حکومت ماضی کی غلطیوں کا ازالہ کرے گی اور مقامی لوگوں کو گیس کمپنیوں میں روزگار دلایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ صوبے میں نئی فوجی چھاؤنیاں بنانے میں کوئی قباحت نہیں ہے۔ ملاقات کے موقع پر جمہوری وطن پارٹی کے سربراہ نے کہا کہ صوبے میں نئی فوجی چھاؤنیوں کے قیام سے صوبے میں ترقی نہیں آئے گی۔ بقول نواب بگٹی بلوچستان کے قوم پرست رہنما ترقی کے ہرگز مخالف نہیں لیکن مرکزی حکومت گوادر اور دیگر بڑے ترقیاتی منصوبوں کے ذریعے مقامی آبادیوں کو اقلیتوں میں تبدیل کرنے میں سرگرم عمل ہے جو ان کے لیے ناقابل قبول ہے۔ |