شجاعت کی نااہلی کے لیے درخواست | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
قومی اسمبلی میں متحدہ مسلم لیگ کی طرف سے قائد ایوان کے امیدوار چودہری شجاعت حسین کی نا اہلی کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی نے الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کی ہے۔ اس درخواست میں قائد ایوان کے انتخاب سے پہلے فیصلہ سنانے کی استدعا کی گئی ہے ۔ منگل کی سہ پہر پیپلزپارٹی کے رہنما راجہ پرویز اشرف اور ان کے وکیل بابر اعوان نے سیکریٹری الیکشن کمیشن کے پاس درخواست جمع کرائی۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی کے کئی اراکین اسبملی بھی موجود تھے۔ بابر اعوان کے مطابق سیکریٹری الیکشن کمیشن نے انہیں بتایا کہ چیف الیکشن کمشنر لاہور میں ہیں اور وہ انہیں آگاہ کردیں گے۔ پیپلز پارٹی کے وکیل نے بی بی سی اردو ڈاٹ کام کو بتایا کہ صدر جنرل پرویز مشرف کے نافذ کردہ الیکشن آرڈر 2002 کے مطابق کوئی ایسا شخص جس نے خود یا ان کی بیگم یا بچوں کے نام پر لیا گیا بیس لاکھ روپے سے زائد کا قرضہ ڈیفالٹ کیا ہو یا معاف کرایا ہو وہ کسی بھی عوامی عہدے کے لئے نااہل ہوتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ کے خود کے منظور کرائے گئے قانون کا اب چودہری شجاعت کو سامنا کرنا ہے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ قومی اسمبلی میں چودہ جون دو ہزار تین کو وزیر خزانہ شوکت عزیز کی جانب سے پیش کردہ تحریری معلومات میں بتایا گیا تھا کہ چودہری شجاعت حسین اور ان کی بیگم خاندان کے دیگر افراد کے ساتھ پنجاب شگر ملز کے ڈائریکٹر ہیں ۔ سرکاری معلومات میں بتایا گیا تھا کہ اس مل کے نام پر لیے گئے تین کروڑ اٹھہتر لاکھ روپوں کا قرضہ معاف کرایا گیا ہے ۔ یاد رہے کہ ایسا ہی اعتراض پیپلز پارٹی کی جانب سے سپیکر قومی اسمبلی کے سامنے کاغدات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے موقع پر بھی کیا گیا تھا جو مسترد کردیا گیا تھا۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||