فیکٹری:آگ لگنے سے چھ ہلاک | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان کے صوبہ سرحد کے شمالی شہر ہری پور میں پولیس کا کہنا ہے کہ ایک فیکٹری میں آگ لگنے سے چھ مزدور جل کر ہلاک جبکہ دس زخمی ہوئے ہیں۔ البتہ غیر سرکاری ذرائع مرنے والوں کی تعداد آٹھ بتا رہے ہیں۔ یہ حادثہ اتوار کی رات ہری پور میں قائم حطار صنعتی بستی میں ایک سیمنٹ فیکٹری میں پیش آیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ فیکٹری کی چوتھی منزل پر موجود پری ہیٹنگ پلانٹ میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس سے چھ مزدور موقع پر ہلاک جبکہ دس سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔ مرنے والوں میں اکثریت کا تعلق پنجاب سے بتایا جاتا ہے۔ زخمیوں کو قریبی ہسپتالوں میں پہنچایا گیا جن میں سے پانچ کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ حکام کو خدشہ ہے کہ مرنے والوں کی تعداد میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔ حطار پولیس سٹیشن کے انسپکٹر عارف جاوید نے بتایا کہ آگ پر ڈیڑھ گھنٹے کی کوششوں کے بعد قابو پایا گیا۔ آگ بجھانے کے لیے فائر برگیڈ کی گاڑیاں ٹیکسلا اور حسن ابدال سے بھی منگوائی گئیں۔ پولیس کے مطابق حادثے کی اصل وجہ معلوم نہیں ہو سکی لیکن فیکٹری کی انتظامیہ اس کی وجہ شارٹ سرکٹ بتا رہی ہے۔ پولیس نے تفتیش شروع کر دی ہے تاہم اتوار کو دوپہر تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی تھی۔ انسپکٹر عارف کے مطابق جس پیمانے کی فیکٹری تھی اس اعتبار سے اس میں حفاظتی اقدامات موثر نہیں تھے۔ ’فیکٹری میں آگ بجھانے کا سامان موجود نہیں تھا۔‘ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||