میزائل کا ایک اور تجربہ | ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
پاکستان نے زمین سے زمین پر مار کرنے والے میزائل کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔ یہ غوری میزائل پندرہ سو کلومیٹر تک مار کر سکتا ہے اور جوہری ہتھیار لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ میزائل کا یہ تجربہ صدر جنرل پرویز مشرف کی موجودگی میں ایک نا معلوم مقام پر کیا گیا۔ فوج کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں صدر جنرل پرویز مشرف نے کہا ہے کہ ’ اس تجربے کا مقصد ملک سے باہر کوئی سیاسی سِگنل بھیجنا نہیں تھا‘۔ خبر رساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس نے اعلیٰ حکام کے حوالے سے کہا ہے کہ یہ معمول کا تجربہ تھا جس کا مقصد میزائل ٹیکنالوجی کو بہتر کرنا تھا۔ ترجمان کے مطابق بھارتی حکومت کو اس تجربے سے آگاہ کر دیا گیا تھا۔ پاکستان کی طرف سے ایک ہفتے کے اندر میزائل کا یہ دوسرا تجربہ ہے۔ بھارت کی طرف سے اس تجربہ پر فوری طور پر کوئی رد عمل ظاہر نہیں کیا گیا۔ بھارت میں نئی حکومت کے قیام کے بعد پاکستان کا یہ دوسرا میزائل تجربہ ہے۔ تاہم پاکستان نے گزشتہ ہفتے کیے جانے والے تجربے کے بعد کہا تھا کہ اس کے بارے میں بھارت کو پہلے سے بتایا جا چکا تھا اور یہ محض اتفاق ہے کہ وہ تجربہ نئی حکومت کے اقتدار میں آنے کے فوری بعد ہوا۔ |
| |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||